نوازشریف کے وزیراعظم بننے پر لاہور سمیت ملک بھر میں جشن‘بھنگڑے‘ مٹھائی تقسیم
لاہور+ فیصل آباد (خصوصی رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نمائندگان+ نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ محمد نوازشریف کے تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کی خوشی میں لیگی کارکنوں نے لاہور سمیت ملک بھر میں بھرپور جشن منایا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کیں جبکہ شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے، جہاز کے ذریعے مختلف مقامات پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نوازشریف کے وزارت عظمیٰ کے حلف اٹھاتے ہی رہنما اور کارکن لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، قصور، ننکانہ صاحب، حافظ آباد، نارنگ منڈی، سانگلہ ہل، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، سکھیکی، فیروزوٹواں، صفدر آباد، پنڈی بھٹیاں، جلالپور بھٹیاں، جنڈیالہ شیر خان، گکھڑ منڈی، بچیکی اوردیگر شہروں میں زبردست جشن مناتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کےا، منوں مٹھائیاں تقسیم کےں گئیں اور وزیراعظم نوازشریف کے حق میں شدید نعرے بازی کی گئی اور آتش بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر کارکنوں اور رہنماﺅں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ لاہور میں رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر کی جوہر ٹاﺅن میں رہائش گاہ پر کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ ملتان کچہری چوک میں کارکنوں نے ”شیر“ کا ماڈل پکڑ کر ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ صرف نوازشریف ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور نوازشریف کی درازی عمر کیلئے بھی اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔ ادھر فیصل آباد میں بھنگڑے، ڈھول کی تھاپ پر رقص اور جگہ جگہ مٹھائی تقسیم کر کے ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔گھنٹہ گھر کے قریب سینکڑوں من مٹھائی تقسیم کی گئی۔ مسلم لیگ (ن) نے لاہور سمیت ملک بھر میں شکرانے کے نوافل ادا کئے اور الیکشن 2013ءمیں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کا جشن منایا۔ مسجد شہداءمیں مسلم لیگ (ن) لاہور کے زیراہتمام شکرانے کے نوافل کی ادائیگی کی کال دی گئی تھی جس کی میزبانی انجمن تاجران مال اور ہال روڈ کے تاجر رہنماﺅں بابر محمود بٹ، راجہ حامد ریاض نے کی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر، سید توصیف شاہ، خواجہ سعد فرخ سمیت ممبران پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد، ماجد ظہور، چودھری شہباز، وحید گل، حاجی ملک وحید، ملک سیف الملوک، رمضان صدیق بھٹی، یاسین سوہل، چودھری باقر حسین، عثمان تنویر بٹ، نذیر خان سواتی، لیبر ونگ کے رہنماﺅں سید مشتاق حسین شاہ، چودھری سجاد، یوتھ ونگ کے رہنماﺅں میاں محسن لطیف، شعبہ خواتین کی رہنما نسیم بانو سمیت مسلم لیگی کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی اور ملی ترانوں پر کارکنوں نے بھنگڑا بھی ڈالا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے شاہراہ قائداعظم پر اسمبلی ہال چوک کے سامنے بھی نوازشریف کے حلف اٹھانے کی خوشی میں تقریب منعقد کی۔ ہال روڈ کے تاجر خواجہ صلاح الدین کی جانب سے اسمبلی ہال پر جہاز کے ذریعے گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پرچیاں پھینکی گئیں جن میں وزیراعظم بننے پر نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب بننے پر میاں شہبازشریف کو مبارکباد دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صوبائی دفتر مسلم ٹاﺅن میں جنرل سیکرٹری راجہ اشفاق سرور کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کے عہدیداران و کارکنوں نے وزیراعظم نوازشریف کے حلف اٹھانے کے بعد جشن برپا کیا۔ ڈھول کی تھاپ پر کارکنوں نے رقص کیا اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق میاں جاوید لطیف ایم این اے کی رہائش گاہ پر درجنوں پارٹی عہدے داروں اور ورکروں نے جشن منایا اس موقعہ پر 21 کالے بکروں کا صدقہ دینے کے علاوہ 21من مٹھائی تقسیم کی گئی، کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور وزیراعظم نوازشریف کے نعرے لگائے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے امجد لطیف، شیخ کاشف عارف، امجد نذیر بٹ، شہزاد ڈوگر، منور لطیف، میاں اعجازاحمد اور ملک عمر صدیق نے کہا کہ پاکستا ن کی عوام نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیر اعظم بنا کر نئی تاریخ رقم کردی ہے، جمہوریت پر شب و خون مارنے والا پرویز مشرف اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے، نوازشریف کی ملک کو تمام مسائل سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، دہشت گردی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری کا خاتمہ مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیح ہے۔ دریں اثناءانجمن تاجران شیخوپورہ کے زیراہتمام غلہ منڈی شیخوپورہ میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی رہنما بینش قمر ڈار کی رہائش گاہ پر بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔ سانگلہ ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مسلم لیگ (ن) اور ذیلی تنظیموں یوتھ ونگ، لیبر ونگ اور لائرز ونگ نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔ حاجی عرفان الحسن بھٹی کی رہائش گاہ پر بھی کارکنوں نے جشن منایا اور مٹھائی تقسیم کی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے زیراہتمام تاجر برادری نے جشن منایا، دکاندار حضرات دکانیں چھوڑ کر بازار میں اکٹھے ہو گئے، مٹھائی تقسیم کی گئی۔ تاجر برادری نے اس موقع پر نوازشریف کے حق میں نعرے بازی کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ علاوہ ازیں بچے، بوڑھے اور جوان ڈھول کی تھاپ پر جھوم اٹھے، نومنتخب ایم پی اے اور متوالے سجدہ شکر بجالائے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ علاوہ ازیں عمران خالد بٹ، سلمان خالد عرف پومی بٹ کے مرکزی دفتر میں زبردست جشن اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔ میاں برادران کی تصاویر اور مسلم لیگی کارکنوں پر ممبر صوبائی اسمبلی خود پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کرتے رہے، منچلوں کا رقص بھی قابل دید تھا۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کارکن دیوانہ وار سڑکوں پر نکل آئے اور مسلم لیگ (ن) سکھیکی کے صدر حامد یاسین کمبوہ کے دفتر کے سامنے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالتے رہے۔ خانقاہ ڈوگراں سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں جشن کا سماں رہا اور لوگوں نے گلیوں اور بازاروں میں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور سڑکوں پر نکل آئے، مرکزی دفتر میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔ رہنماﺅں نے کہا کہ نوازشریف عوام کی توقعات پر پورا اترینگے، کارکنوں نے شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق انجمن تاجران صدر بازار کے رہنماﺅں نے مٹھائی تقسیم کی۔ چودھری لیاقت علی، عارف جدران، نواز حافظ فیصل مظہر عباس اور دیگر نے کہاکہ اب ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق لیگی کارکنوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور مٹھائی تقسیم کی۔ سینکڑوں کارکنوں نے نوازشریف کے حلف اٹھانے کی خوشی میں نوٹ بھی نچھاور کئے۔ شیخوپورہ سے ناہم نگار کے مطابق مٹھائی تقسیم کی گئی اور شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔ فیروزوٹواں سے نامہ نگار کے مطابق شہر میں جشن کا سماں رہا اور کڑکتی دھوپ میں کارکن بھنگڑے ڈالتے ہوئے گلیوں اور بازاروں میں نکل آئے جبکہ ڈیرہ ملک احمد خاں مرحوم پر کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ حاجی ذوالقرنین نے کہاکہ نوازشریف کی دوتہائی اکثریت سے ووٹ لینا تاریخ ساز کامیابی ہے۔ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق مسلم لیگی کارکنوں اور شہریوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ایک دوسرے کو مبارکبادیں دیتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی قدآور تصویر پر گلاب کے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مختلف تقریبات اور ریلایں نکالی گئیں۔ پہلی تقریب گوجرانوالہ روڈ پر چودھری شفقت حسین تارڑ کے آفس میں منعقد ہوئی جس میں شرکاءمیں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ دوسری جانب چودھری محمود صادق، غلام عباس شیرازی، تسلیم چدھڑ، غضنفر مانگٹ، اقصیٰ گوندل، ریحانہ خاں، شمشاد پرویز اور دیگر نے مٹھائی تقسیم کی اور سینکڑوں کبوتر فضا میں چھوڑے۔ جلالپور بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق جلالپور بھٹیاں، پنڈی بھٹیاں، سکھیکی، ونیکی تارڑ سمیت ضلع بھر میں بھی ایک جشن منایا گیا۔ تیز اور چلچلاتی دھوپ اور شدید گرمی کے باوجود متوالے بھنگڑے ڈالتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ جنڈیالہ شیر خان سے نامہ نگار کے مطابق قصبہ منڈی جھبراں، سیکھم فاروق آباد میں خوشی اور مسرت کی لہر دوڑ گئی اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، جشن کا سماں پیدا ہو گیا۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق ملک خادم حسین قصوری نے مسلم لیگ کے کارکنوں اور شہریوں میں مٹھائی تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سٹی قصور کے اجلاس میں نوازشریف کو مبارکباد دی گئی ہے کارکنوں نے مٹھائی تقسیم کی اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ گگومنڈی سے نامہ نگار کے مطابق قصبہ گکھڑ میں بھی جشن منایا گیا، عہدیداران اور کارکنان نے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا جبکہ رقص بھی جاری رہا۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق شہر بھر میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔