• news

پرامن انتقال اقتدار پر قوم کو مبارکباد، جمہوریت کو پٹری سے نہیں اترنا چاہئے: چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (آئی این پی + این این آئی) چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ 11 مئی کے شفاف انتخابات کے بعد پر امن اور جمہوری طریقے سے اقتدار منتخب حکومت کو منتقل ہونے سے ایک نئے عہد کا آغاز ہورہا ہے توقع ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی اور ملک کے مسائل حل ہوں گے۔ وہ بدھ کو ایوان صدر میں وزیراعظم میاں نواز شریف کی تقریب حلف برداری کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ فخرو بھائی جب صدر آصف زرداری اور وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملے تو دونوں نے انہیں گرمجوشی سے گلے لگایا اور شفاف انتخابات کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ میں نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی اور مجھ پر تمام سیاسی جماعتوں نے اعتماد کیا تھا اور میں نے شفاف انتخابات کرانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے۔ آج میں الحمدللہ مطمئن ہوں کہ ایک منتخب حکومت کو اقتدار منتقل ہونے سے ایک نئے عہد کا آغاز ہوا ہے۔ فخر الدین جی ابراہیم نے جمہوری عمل کے ذریعے انتقال اقتدار کو تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جمہوری طریقے سے انتقال اقتدار ہو رہا ہے یہ ایک تاریخی دن ہے۔ جمہوریت کی گاڑی کو پٹڑی سے نہیں اترنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن