بی ایس او کے چیئرمین محی الدین بلوچ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا
کوئٹہ (این این آئی) بی ایس او کے چیئرمین محی الدین بلوچ نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے اور 15 مرکزی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دیدی ہے، مرکزی آرگنائزر کمیٹی میں جاوید بلوچ مرکزی ڈپٹی آرگنائزر جمیل بلوچ اور سیکرٹری انفارمیشن یاسر بلوچ ہونگے جبکہ مرکزی کمیٹی کے اراکین میں عمران بلوچ، بشیر بلوچ، حاجی حفیظ فدا بلوچ، این اے بلوچ، منیر جالب، خالد بلوچ، شاہجہان بلوچ، ہاشم بلوچ، عزیز بلوچ، قدیر بلوچ، سمیع بلوچ شامل ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جو مخلوط حکومت بننے والی ہے اس سے کوئی خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی یہ حکومت بھی عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ اسلام آباد والوں کی پسند ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کافی عرصے سے چیئرمین بی ایس او کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہا تھا آج میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں اور تین رکنی مرکزی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔