• news

”میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا“ وزیراعظم کے حلف کا متن

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم نوازشریف نے ایک مرتبہ پھر آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف کا متن اس طرح تھا کہ میں محمد نوازشریف صدق دل سے حلف اٹھاتا ہوں کہ میں مسلمان ہوں اور اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور توحید، کتب الٰہیہ جن میں قرآن پاک آخری کتاب ہے، نبیوں جن میں حضرت محمد رسول اللہ آخری نبی ہیں اور ان کے بعد کوئی نبی نہیں، روز قیامت اور قرآن و سنت کے تمام تقاضوں اور تعلیم پر ایمان رکھتا ہوں۔ یہ کہ میں خلوص نیت سے پاکستان کا حامی اور وفادار رہوں گا۔ یہ کہ میں بحیثیت وزیراعظم پاکستان اپنے فرائض منصبی ایمانداری، اپنی انتہائی صلاحیت اور وفاداری کے ساتھ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور اور قانون کے مطابق اور ہمیشہ پاکستان کی خودمختاری، سالمیت، استحکام، بہبودی اور خوشحالی کی خاطر انجام دوں گا۔ یہ کہ میں اسلامی نظریہ کو برقرار رکھنے کیلئے کوشاں رہوں گا جو قیام پاکستان کی بنیاد ہے، یہ کہ میں اپنے ذاتی مفاد کو اپنے سرکاری کام یا اپنے سرکاری فیصلوں پر اثرانداز نہیں ہونے دوں گا۔ یہ کہ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کو برقرار رکھوں گا اور اس کا تحفظ اور دفاع کروں گا اور یہ کہ میں ہر حالت میں، ہر قسم کے لوگوں کے ساتھ، بلاخوف و رعایت اور بلارغبت و عناد، قانون کے مطابق انصاف کروں گا اور یہ کہ میں کسی شخص کو بلاواسطہ یا بلواسطہ کسی ایسے معاملے کی نہ اطلاع دوں گا نہ اسے ظاہر کروں گا جو بحیثیت وزیراعظم پاکستان میرے سامنے غور کیلئے پیش کیا جائے گا یا میرے علم میں آئے گا بیجز اس کے کہ بحیثیت وزیراعظم اپنے فرائض کی کماحقہ انجام دہی کیلئے ایسا کرنا ضروری ہو، اللہ تعالیٰ میری مدد اور رہنمائی فرمائے، آمین۔

ای پیپر-دی نیشن