• news

امید ہے نواز شریف ملکی مفاد میں پالیسیاں بنائیں گے، منور حسن، لیاقت بلوچ کی مبارکباد

لاہور (ثناءنیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے میاں محمد نوازشریف کو تیسری رتبہ وزیر اعظم پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہارکیا ہے کہ میاں نوازشریف قومی لیڈر کا کردار ادا کرتے ہوئے ایسی پالیسیاں بنائیں گے جن سے ملک ماضی کی سول اور ملٹری حکومتوں کے پیدا کردہ مسائل کی دلدل سے نکل جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ایک بااصول اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کے ہر اس اقدام کا ساتھ دے گی جو ملک کے اسلامی نظریے ، آزادی و خود مختاری اور عوام کے مفادات کا تحفظ کرے اور ہر اس اقدام کی مخالفت کرے گی جو ملکی مفادات کے خلاف ہوگا۔ سید منور حسن نے کہاکہ اگرچہ ملکی معیشت اور توانائی کے بحران بہت بڑا چیلنج ہیں جو کہ فوری طور پر حل ہونے چاہئیں تاہم نوازشریف کو اس چیز کا احساس ہونا چاہیے کہ ملکی آزادی و خود مختاری اور عزت و وقار ایسے مسائل ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اس لیے ایک آزاد اور خود مختار خارجہ پالیسی اور ڈرون حملوں کا خاتمہ اور ہماری خود مختاری پر بار بار حملوں کا خاتمہ ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے ملک میں جمہوریت کا تسلسل آمریت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دے گا۔ انتخابات اور جمہوری حق ہی مسائل کا حل ہے ۔ آئین ، آزاد عدلیہ اور پارلیمانی جمہوریت کا ہر قیمت پر تحفظ ہونا چاہیے ۔ قومی سیاست سے کرپشن ، نااہلی ، بد انتظامی ، بد عہدی کا خاتمہ عوامی شعور سے ممکن ہے۔ عوامی بیداری ، عوامی اعتماد اور عوامی شعور مسلسل شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات سے ممکن ہے ۔ لیاقت بلوچ نے میاں نوازشریف کو تیسری مرتبہ وزاعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت اب کمرہ امتحان میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن