• news

بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرا دیا ۔۔۔ آج پاکستان‘ ویسٹ انڈیز میں مقابلہ ہوگا

لندن (نوائے وقت رپورٹ/ایجنسیاں) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو 26 رن سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو بھارت نے پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 331 رنز بنائے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم پچاسویں اوور کی آخری گیند پر 305 رن بنا کر آو¿ٹ ہوگئی اور بھارت نے گروپ بی کا یہ پہلا میچ جیت لیا۔ جنوبی افریقہ کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 31 کے مجموعی سکور پر گر گئی تھیں لیکن اس کے بعد رابن پیٹرسن اور ابراہم ڈی ویلیئرز نے تیسری وکٹ کے لیے 124 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ پیرسٹن کے 68 رنز بنانے کے بعد رن آو¿ٹ ہونے پر ہوا۔ ڈی ویلیئرز نے 70 رنز بنائے، انہیں امیش یادو نے آو¿ٹ کیا۔ جنوبی افریقہ کے باقی بلے بازوں میں سے ریان میکلیرن نے بھی نصف سنچری بنائی جو ایک روزہ کرکٹ میں ان کی پہلی نصف سنچری ہے۔ وہ 71 رنز بنا کر ناٹ آو¿ٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے رویندر جدیجا، امیش یادو، بھوونیشور کمار اور ایشانت شرمانے دو، دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل روہت نے نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے شکھر کے ساتھ مل کر 127 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ بائیسویں اوور میں اس وقت ہوا جب روہت شرما 65 رنز بنا کر میکلیرن کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ روہت کے آو¿ٹ ہونے کے بعد بھی شکھر نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور دوسری وکٹ کے لئے ویرات کوہلی کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کی۔ وہ سنچری بنانے کے بعد 114 کے انفرادی سکور پر ڈومینی کا پہلا شکار بنے۔ مڈل آرڈر کے بھارتی بلے بازوں میں سے کوئی بھی بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہوا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ تاہم آخر میں رویندر جدیجا نے 29 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیل کر بھارت کو ایک بڑے سکور تک پہنچنے میں مدد دی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے میکلیرین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب با¶لر رہے جبکہ سوٹسوبے نے دو اور ڈومینی نے ایک وکٹ لی اور ایک کھلاڑی رن آو¿ٹ ہوا۔ جنوبی افریقہ 1998ءاور بھارت 2002ءمیں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر اس ٹورنامنٹ کا فاتح رہا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق یہ چیمپئنز ٹرافی کا آخری مقابلہ ہے اور اس کے بعد وہ اس قسم کا ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انگلینڈ اور ویلز میں چھ جون سے شروع ہو کر 18 دن تک چلنے والے اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی آٹھ بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ گروپ اے میں انگلینڈ کے علاوہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی۔ دریں اثناءچیمپئنز ٹرافی کا دوسرا میچ آج (جمعہ کو) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق اڑھائی بجے دن کو ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن