چیئرمین پی سی بی نے من پسند افراد کو ریجنز کمیٹیوں میں شامل کیا : چودھری انور
لاہور (سپورٹس رپورٹر) فیصل آباد ریجن کے سابق صدر چودھری محمد انور نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے من پسند افراد کو ریجنز کی عبوری کمیٹیوں میں شامل کر کے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرنے کا پروگرام بنایا، اگر ریجنز کے الیکشن میں کوئی غیرقانونی اقدام کیا گیا تو اس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، بہالپور اور فیصل آباد ریجنز کی عبوری کمیٹیوں میں چیئرمین پی سی بی نے پیپلزپارٹی کے افراد کو نوازنے کی کوشش کی جس کے زیرنگرانی ریجنز میں شفاف الیکشن کوئی کوئی توقع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئی حکومت بن گئی لہٰذا حکومت کو چاہئے کہ وہ معاملے کا نوٹس لے کر تمام غیرقانونی کاموں کو روکنے کے احکامات جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹرز کی بڑی نرسریاں لاہور، کراچی، فیصل آباد ہیں لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان ریجنز پر ایڈہاک لگا رکھی ہے تاکہ ان ریجنز میں ان کے من پسند کے افراد کو منتخب کرایا جائے۔ چودھری انور کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔