پاکستان نہیں دیگر ممالک کے غیر قانونی تارکین کو بھی واپس بھیجا جا رہا ہے: سعودی سفیر
اسلام آباد (آن لائن) سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جاسم الخالدی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام ممالک کے شہریوں کو واپس بھیجا جارہا ہے صرف پاکستانیوں کیساتھ ایسا نہیں کیا جارہا‘ نئی حکومت کے انتخاب میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں‘ وزیراعظم نواز شریف کے دورہ سعودی عرب کا علم نہیں۔ جمعہ کو یہاں اسلامک ریلیف کے زیراہتمام منعقدہ تقریب اور بعدازاں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست ملک ہے۔ سعودی عرب نے اپنے پاکستانی بھائیوں کی فلاح و بہبود کیلئے 18 کروڑ روپے کی امداد دی ہے جس سے 100 چھوٹی مساجد تعمیر کی جائیں گی اور پینے کے پانی کیلئے بورنگ بھی کروائیں گے اور 2 ہزار مستحقین کی آنکھوں کے آپریشن بھی ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ہر حکومت کیساتھ ڈیل کرتے رہے ہیں۔ عوام نے جو حکومت منتخب کی ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔