• news

صحت یاب ہو کر اسمبلی میں سیاسی دھماکہ، دھاندلی بے نقاب کرونگا: عمران

 لاہور( این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختار ی کیلئے آزادانہ خارجہ پالیسی نا گزیر ہے ،دنیا کے کسی بھی ملک کیساتھ برابری کی سطح پر تعلقات ہونے چاہئیں۔ امن و امان کے قیام اور معیشت کو سنبھالا دینے کےلئے دہشتگردی کیخلاف جنگ کا فوری حل نکالا جائے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے عیادت کیلئے آنےوالے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن مدد دینگے لیکن ملکی مفاد کےخلاف کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا اور تمام معاملا ت عوام کے علم میں لائیں گے۔ دریں اثناءملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے حمید گل نے کہا ہے کہ طالبان کے ایشو پر امریکہ کو خوش کرنا نواز شریف کے لئے مشکل ٹاسک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے متعلق پاکستان کے پاس کئی پتے ہیں اور امریکہ کے پاس کوئی نہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ نواز شریف یہ پتے کیسے کھیلتے ہیں۔ طالبان کو مین سٹریم میں لانے کے لئے سعودی عرب شاید کوئی مدد نہ کر سکے۔ امریکہ کو اگلے سال افغانستان میں محفوظ راستہ ملنا مشکل ہو گا۔ دریں اثنا لاہور پریس کلب کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا ہے کہ جلد صحت یاب ہو کر اسمبلی میں جاﺅں گا اور سیاسی دھماکہ کروں گا۔ انتخابات میں ہونے والی تمام دھاندلی کو بے نقاب کروں گا۔ الیکشن میں ریٹرننگ آفیسر نے دھاندلی کی۔ چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس کی تحقیقات کروائیں۔ صدر پریس کلب ارشد انصاری، نائب صدر جاوید فاروقی، سیکرٹری شہباز میاں اور فنانس سیکرٹری افضال طالب پر مشتمل وفد نے ان کی عیادت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف لاہور کے صدر علیم خان بھی موجود تھے۔ عمران خان نے انکشاف کیا کہ انتخابی مہم کے آخری روز ان پر حملہ ہو سکتا تھا۔ اس حوالے سے مصدقہ رپورٹس موجود ہیں اور بعض لوگ پکڑے بھی گئے۔ اس امر میں اللہ کی کوئی بہتری تھی کہ لاہور کے جلسے میں مجھے چوٹ لگ گئی اور میں ہسپتال تک محدود ہو گیا۔ عمران خان نے کہا ہم خیبر پی کے میں تین ماہ کے اندر ایک ایسی ماڈل حکومت قائم کریں گے جس کی تقلید کرنا سب کی مجبوری بن جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن