رواں مالی سال میں معاشی ترقی کے بیشتر اہداف حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی: قومی اقتصادی سروے
کراچی (نوائے وقت نیوز/ این این آئی) قومی اقتصادی سروے 2012-13ءکے مطابق معاشی ترقی کے بیشتر اہداف حاصل کرنے میں ناکامی ہوئی۔ زرعی شعبے میں ترقی کی شرح 3.35 فیصد رہی۔ بڑی فصلوں کی پیداوار میں 3.2 فیصد اضافہ ہوا۔ کپاس کی پیداوار میں 2.31 فیصد کمی ہوئی۔ خدمات کے شعبے میں شرح نمو 4.6 فیصد رکھنے کا ہدف تھا۔ خدمات کے شعبے میں ترقی کی شرح 3.7 فیصد رہی۔ تعمیراتی شعبے میں ترقی کی شرح 4.5 فیصد رکھنے کا ہدف تھا۔ تعمیرات کے شعبے میں ترقی کی شرح 5.18 فیصد رہی۔ این این آئی کے مطابق ادارہ برائے شماریات پاکستان کی لیبر فورس سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران بیروزگاری کی شرح 6.3 فیصد رہی جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 6.1 فیصد تھی جبکہ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلہ میں تیسری سہ ماہی کے دوران ملک میں بے روزگاری کی شرح میں 0.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر تا دسمبر 2012ءکے دوران بے روزگاری کی شرح 6.5 فیصد تھی جبکہ جنوری تا مارچ 2013ءکے دوران مجموعی افرادی قوت کا 6.3 فیصد حصہ بے روزگاری کا شکار تھا۔ رپورٹ کے مطابق بہتر اقتصادی پالیسی کے باعث بے روزگاری پر قابو پایا جا سکتا ہے جس سے غربت کے خاتمے اور ملکی معیشت کے استحکام میں مدد ملے گی۔