نواز شریف نے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو یکسر نظرانداز کر دیا: عبدالرشید ترابی
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے وزیراعظم کے انتخاب کے بعد میاں محمد نوازشریف نے اپنے افتتاحی خطاب اور ایجنڈا میں مسئلہ کشمیر کو یکسر نظر انداز کر دیاہے اس پر کشمیریوں اور کشمیری قیادت میں سخت بے چینی اور اضطراب ہے۔ کشمیری قیادت ایک خط اور قرار داد کے ذریعے مشترکہ موقف وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کو ارسال کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ نے کہا بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی بجائے قتل عام کر رہا ہے اور ظلم و تشدد کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ پاک بھارت مذاکرات ہمیشہ بھارت نے ہی ناکام بنائے ہیں جب بھی کشمیریوں کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے تحریک عالمی منظر پر نمایاں ہوتی ہے تو بھارت مذاکرات اور تعلقات کی بہتری کا ڈھونگ رچاتاہے اور پاکستان کی قیادت، دفتر خارجہ اور دانشوروں کو بے وقوف بناتاہے۔ میاں نوازشریف سے کشمیری اور کشمیری قیادت توقع رکھتے ہیں وہ صدر زرداری اور پرویز مشرف کی کشمیر پالیسی کے ٹریک پر نہیں چلیں گے۔ لیاقت بلوچ نے عبدالرشید ترابی اور کشمیری قیادت کو یقین دلایا جماعت اسلامی کشمیر کے عوام کی جدوجہد کا اخلاقی سیاسی اور اصولی موقف کے اظہار کے ساتھ ساتھ عملی تعاون بھی جاری رکھے گی۔ ہم کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔