طالبان سے مذاکرات نہ ہوئے تو امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے:سمیع الحق
لاہور (آئی این پی) جمعیت علماءاسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ اندرونی و بیرونی قوتیں طالبان سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہی ہیں جنہیں نئی حکومت کو ہر صورت ناکام بنانا ہو گا ‘ طالبان سے مذاکرات نہ ہوئے تو ملک میں امن و امان کی صورتحال مزید مخدوش ہو سکتی ہے‘ مجھے امید ہے میاں نوازشریف طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے ضرور سنجیدگی اور جرات کا مظاہر ہ کریںگے‘ امریکہ کبھی بھی پاکستان میں امن نہیں چاہتا وہ افراتفری پھیلا کر اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملک میں امن کےلئے طالبان سے مذاکرات ضروری ہیں اور میں نے پہلے بھی کہا اور اب بھی کہتا ہوں کہ میں مذاکرات میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور ملک کی مضبوطی کےلئے طالبان سے مذاکرات ضروری ہیں۔