عمران خان نے میانوالی اور پشاور کی نشستیں چھوڑ دیں
راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے راولپنڈی شہر کے حلقہ این اے 56کی نشست برقرار رکھنے اور میانوالی‘ پشاور کے دو قومی اسمبلی کی حلقے چھوڑ دئیے ہیں۔ تین میں سے ایک حلقہ برقرار رکھنے سے متعلق خط قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور الیکشن کمشن کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف شمالی پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی نے بتایا کہ عمران خان عام انتخابات 2013ءمیں پشاور کے حلقہ این اے 1میں 90500 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے ‘حلقہ این اے 76میانوالی سے 133224 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ راولپنڈی شہر کے حلقہ این اے 56 سے 80577ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے تھے۔ صداقت علی عباسی نے کہا کہ عمران خان مکمل صحت یاب ہونے کے بعد راولپنڈی کے اپنے حلقہ انتخاب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور عوام کا شکریہ ادا کریں گے۔