عالمی چیمپئن کے بعد ایشین ٹائٹل بھی محمد آصف کے نام
چودھری وقاص اشرف
فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سنوکر کے عالمی چیمپئن نے اپنی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والی ریڈ ایشین چیمپئن شپ کے فائنل میں ایرانی کھلاڑی عامر سرکوش کو 7-4 کے واضح فرق سے شکست دیتے ہوئے عالمی چیمپئن ہونے کے ساتھ ساتھ ایشین ٹائیگر کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔ محمد آصف سکس ریڈ بال ایونٹ کے پہلے ہی میچ سے بھرپور فارم میں تھے اور چیمپئن والی کارکردگی پیش کررہے تھے محمد آصف کی فتوحات کا سلسلہ چیمپئن شپ کے آغاز سے آخر تک جاری رہا۔ محمد آصف پاکستان میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرپائے تھے اس چیمپئن شپ میں عالمی چیمپئن محمد آصف پری کوارٹر فائنل مقابلے میں ہانگ کانگ کے ”لی چن وائی“ کے ہاتھوں شکست کھا کر چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے تھے تاہم ریڈ سکس میں عالمی چیمپئن محمد آصف کی کارکردگی حیران کن تھی۔ محمد آصف کی کارکردگی پہلے میچ سے حیران کن رہی جو کہ فائنل تک جاری رہی قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والی چیمپئن شپ میں 16 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں افغانستان، فلسطین، قطر، کویت، عراق، پاکستان، یو اے ای، چین، منگولیا، اردن، ہانگ کانگ، کے ایس آئی آر اے ممالک کے کھلاڑی شامل تھے۔ قطر کے دارالحکومت دوحا میں ہونے والی چیمپئن شپ میں پاکستانی سٹار محمد آصف اور محمد سجاد نے شرکت کی۔ دونوں سٹارز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل تک رسائل حاصل کی کوارٹر فائنل مقابلے میں دونوں پاکستانی کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل تھے تاہم محمد آصف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن محمد سجاد کو 6-2 کے واضح فرق سے شکست دے کر محمد سجاد کو ٹورنامنٹ سے باہر کرتے ہوئے ریڈ سکس چیمپئن شپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی ، سیمی فائنل میچ میں ورلڈ چیمپئن محمد آصف کا سامنا ہمسایہ ملک بھارت کے لکشمن راوت سے ہوا اس اہم اور فیصلہ کن میچ میں عالمی چیمپئن نے ایک بار پھر اپنے وطن کا نام روشن کرتے ہوئے بھارتی سٹار لکشمن راوت کو باآسانی 6-2 سے شکست دے کر چیمپئن شپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرلی فائنل مقابلے کے لئے کوالیفائی کرنے والے دوسرے کھلاڑی ایران کے عامر سرکوش تھے انہوں نے سیمی فائنل مقابلے میںاپنے حریف کھلاڑی کو ایک سخت مقابلے کے بعد 6-5 سے شکست دی تھی اپنے گروپ میں ٹاپ کرنے والے عالمی چیمپئن محمد آصف نے فائنل مقابلے میں ایران کے عامر سرکوش کو آﺅٹ کلاس کرتے ہوئے فیصلہ کن میچ میں 7-4 کے واضح فرق سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے قطر میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کرکے پاکستان کا نام روشن کیا اس سے پہلے محمد آصف 2 دسمبر 2012ءمیں بلغاریہ میں سنوکر کی عالمی چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کرکے پوری دنیا میں اپنا اور وطن عزیز کا نام روشن کرچکے ہیں۔
محمد آصف کی کامیابی پر پاکستان سنوکر اینڈ بلیئرڈ فیڈریشن کے صدرعالمگیر شیخ کا کہنا تھا کہ محمد آصف نے پہلے ورلڈ کپ جیتا اور اب یہ اُن کی دوسری بڑی فتح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ اس سے قبل محمد یوسف نے ورلڈ کپ، ورلڈ کپ سینئرز اور ایشین چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا اور ان کے پاس یہ پانچ بڑے اعزاز ہیں اس سے انداز لگایا جاسکتا ہے پاکستانی کھلاڑیوں نے کتنی بڑی بڑی کامیابیاں حاصل کیں ہیں حکومت اور کھیلوں سے متعلق اداروں کو سنوکر کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازنا چاہیے تاکہ سنوکر کے کھیل کو فروغ ملے اور دیگر سنوکر کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہو اور سنوکر کے کھیل کو پاکستان میں فروغ ملے اور سنوکر کے کھلاڑی پوری دنیا میں وطن ِ عزیز کا نام روشن کرتے رہیں۔