ضلعی ججوں سے ناروا سلوک، پنجاب بار کے 2 وکلاءکیخلاف کارروائی کی ہدایت
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بار کونسل کو ضلعی عدلیہ کے ججوں کے ساتھ ناروا برتاﺅ کرنے پر دو وکلاءکیخلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت عالیہ نے دو وکلاءکامران بشیر مغل، سیکرٹری جنرل لاہور بار ایسوسی ایشن اور قمر شاہد میو کیخلاف کارروائی شروع کرنے کیلئے سیکرٹری پنجاب بار کونسل کو خطوط بھیج دیئے ہیں۔ ایڈووکیٹ قمر شاہد میو کیخلاف مراسلہ میں شکایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے مذکورہ وکیل کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے شکایت کی ہے کہ اس نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر عدالتی افسر اور اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے عدالتی اہلکار توقیر عباس کا بازو توڑ کر شدید زخمی کر دیا۔ اس حوالے سے سیکرٹری بار کو مختلف اخبارات میں شائع خبروں کے تراشے بھی ثبوت کے طور پر بھیجے گئے ہیں۔ مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے مذکورہ وکیل کے خلاف فوراً تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے اور اسکے بارے میں عدالت عالیہ کو مطلع کیا جائے جبکہ دوسرے مراسلہ میں ایڈووکیٹ کامران بشیر مغل، سیکرٹری جنرل لاہور بار ایسوسی ایشن کے خلاف شکایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے مذکورہ وکیل نئے دائر شدہ مقدمہ کے سلسلہ میں لاہور کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد بھٹی کی عدالت میں پیش ہوا اور ذیلی عدالت کے حکم امتناعی کو ختم کرنے اور عبوری حکم نامہ جاری کرنے کیلئے دباﺅ ڈالا۔ معزز جج کے چیمبر میں داخل ہو کر دھمکیاں دیتا رہا۔ بعدازاں لاہور بار ایسوسی ایشن نے ایک روزہ مکمل ہڑتال کی اور جج کی عدالت کو جونیئر وکلاءنے تالے لگا دیئے۔