• news
  • image

جے یو آئی (ف) کا حکومتی بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ‘ کوئی بھی صوبائی حکومت ہو مسائل حل کرینگے : وزیراعظم

جے یو آئی (ف) کا حکومتی بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ‘ کوئی بھی صوبائی حکومت ہو مسائل حل کرینگے : وزیراعظم

اسلام آباد + لاہور (نمائندہ خصوصی + سٹاف رپورٹر + نوائے وقت نیوز) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں اور مسلم لیگی رہنما ممتاز بھٹو نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیالات ہوا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کے مطابق جے یو آئی (ف) نے پارلیمنٹ میں حکومتی بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جو عوام اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون کے متقاضی ہیں۔ وہ عوام کے مفاد میں کسی سے بھی مشاورت کے لئے تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے بات چیت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) کے درمیان مفاہمت اور جے یو آئی کی حکومت میں شمولیت کے امور پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں بلوچستان میں حکومت سازی کے جاری عمل پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ فضل الرحمن نے اپنی تمام ترجیحات تحریری طور پر پیش کیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران موجودہ حکومت کے تحت وزارت داخلہ کے ایجنڈا اورترجیحات پر تبادلہ خیال ہوا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی وزارت تمام صوبائی محکموں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کےلئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ وزارت داخلہ میں دیانتدار اور باصلاحیت افسروں کو تعینات کیا جائے گا اور ان سے میرٹ اور کارکردگی کی توقع کی جائے گی۔ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم کو بتایا کہ وزارت داخلہ کے بارے میں وزیراعظم کی رہنمائی کے حصول کےلئے جلد انہیں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وزارت داخلہ کی جانب سے م¶ثر اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ لوگ خود تبدیلی محسوس کر سکیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ عوام کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ نئی حکومت ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ قومی سلامتی کے معاملے پر تمام شراکت داروں سے مشاورت ہو گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے حکومت م¶ثر اقدامات کرے گی۔ وزیراعظم نے فاٹا، بلوچستان، کراچی سمیت ملک بھر میں قیام امن کے سلسلے میں م¶ثر پالیسی پر مشاورت شروع کر دی ہے وزارت داخلہ کو اس بارے میں خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے تجاویز طلب کی ہیں۔ ترجمان وزیراعظم ہاﺅس کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے درمیان ملاقات میں نئی حکومت کے تحت وزارت داخلہ کی ترجیحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت داخلہ امن و امان کے سلسلے میں تمام صوبائی حکومتوں کی بھرپور مدد کرے گی۔ تمام ممکنہ معاونت فراہم کی جائیں گی تاکہ امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھا جا سکے۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق وزارت داخلہ جلد ہی قیام امن کے سلسلے میں تجاویز بارے بریفنگ دے گی۔ وزیراعظم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ وزارت داخلہ جلد ہی ایسے اقدامات کرے گی جس کے نتیجے میں عوام محسوس کریں گے کہ ملک میں تبدیلی آ گئی ہے۔ مسلم لیگی رہنما ممتاز علی بھٹو نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ممتاز علی بھٹو نے میاں محمد نوازشریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے ممتاز علی بھٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت ملکی مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرے گی۔ اس سلسلے میں یہ نہیں دیکھا جائے گا کہ صوبے میں کس جماعت کی حکومت ہے، عوام کی بہتری اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے تمام فیصلے ملکی مفاد میں کئے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ حکومت اس بات سے قطع نظر کہ صوبوں میں کون سی حکومت ہے پورے ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوشش کرے گی۔ لاہور سے سٹاف رپورٹر کے مطابق مرکزی ترجمان جے یو آئی (ف) کے مطابق فضل الرحمن اور نوازشریف کی ملاقات میں باہمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ون آن ون ملاقات پچاس منٹ تک جاری رہی۔ مرکزی ترجمان مولانا محمد امجد خان نے بتایا کہ پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم میاں نوازشریف کو پارٹی ترجیحات سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے پارٹی ترجیحات پر خیر سگالی کا اظہار کیا اور کہا کہ ترجیحات پر عملدرآمد کے لئے طریقہ کار باہمی مشاورت سے طے کیا جائے گا۔ ملاقات میں موجودہ بحرانوں کے خاتمے کے لئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔
نوازشریف / فضل الرحمن

epaper

ای پیپر-دی نیشن