• news

جمہوریت پر آرمی چیف کے پختہ یقین کا اظہار

جنرل کیانی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو ہمیشہ پھلتے پھولتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اللہ سے ہمیں بہتری کی امید ہے: الیکشن سے قبل جمہوریت کے حق میں بیان دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کو مکمل سکیورٹی دی، افغانستان میں اللہ خیر کریگا یہ ایسا معاملہ نہیں چند سطور میں بیان کیا جائے۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل پرویز کیانی نے فوج کو سیاست سے دور رکھ کر سابقہ دور کی کرپٹ جمہوریت کی حفاظت اور ملک میں انتخابی عمل کے بعد نئی حکومت کے قیام کا فرض بخوبی انجام دیا ہے جس سے انکی اپنے فرائض سے دلی وابستگی کا ثبوت ملتا ہے جو ہمارے ملک کے جمہوری نظام کیلئے خوش آئند بھی ہے۔ اب ملک میں جمہوری عمل کو صاف و شفاف طریقہ سے جاری رکھنا اور عوام کو مکمل انصاف فراہم کرنا، کرپشن، لاقانونیت، مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بے روزگاری سے نجات دلا کر ان کا جمہوریت پر یقین اور پختہ کرنا ہمارے سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے۔ سابقہ حکومت سے جو غلطیاں ہوئیں اور اس پر جو ردعمل ہو رہاتھا اس سے خطرہ تھا کہ کہیں مہم جوئی کی راہ ہموار نہ ہو مگر مسلح افواج نے خود کو کسی بھی غیر آئینی اقدام سے دور رکھا۔ اب گیند سیاسی رہنماﺅں کے کورٹ میں ہے۔ وہ اگر عوام کے توقعات پر پورا اترتے ہیں اور غیر آئینی اقدامات سے پرہیز کرتے ہیں تو یہ ناصرف اس ملک بلکہ پوری قوم کیلئے بھی نیک شگون ہو گا اور اس سے ہمارے جمہوری نظام میں نقب لگانے کی راہ بھی بند ہو جائیگی۔ خود آرمی چیف نے بھی یہی کہا ہے کہ وہ ملک میں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن