ذرا سی ہمت کی ضرورت
مکرمی ! ہمارے ملک کو درپیش مسائل میں سے سب سے بڑا مسئلہ توانائی کا بحران ہے کیونکہ اس کے بغیر ہم اپنا کوئی بھی کام سرانجام نہیں دے سکتے ۔ بجلی کے بغیر ہمارا نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ جب بجلی ہی 8 گھنٹوں کے بعد 2 گھنٹے کے لئے آئے گی تو وہاں پڑھائی یا محنت مزدوری خاک ہو گی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم اس مسئلے کو حل کر سکتے ہیں؟ کیا موجودہ حکومت اس بحران کو ختم کر سکے گی جبکہ یہ مسئلہ ان (یعنی جناب نواز شریف) کا ہی پیدا کردہ ہے۔ میں آج یہ پوچھنا چاہوں گی ان سے کہ جناب آپ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر جہاں اسے ناقابل تسخیر بنایا ہے وہاں بجلی کے منصوبوں کو فیل کر کے آپ نے پاکستان کو اندھیروں میں کیوں ڈبویا ہے؟ اگر آپ اس وقت یہ سنگین قدم نہ اٹھاتے تو آج پاکستان اس دوراہے پر کھڑا نہ ہوتا۔ اگر بجلی زیادہ تھی تو کیا ہُوا آپ اسے کسی بھی ملک کو فروخت کر سکتے تھے مگر آپ نے حال کا سوچا مستقبل کا نہیں۔ اگر سوچا ہوتا تو آج ہم اس مصیبت میں نہ پھنسے ہوئے ہوتے۔اب بھی آپ کے پاس وقت ہے بس ایک جرا¿ت مندانہ فیصلہ اور کیجئے جیسا آپ نے 28 مئی 1998ءکو کیا تھا۔ چائینہ کے ساتھ مل کر ایک اور ایٹمی پلانٹ لگوائیں اور ایران سے بھی بجلی منگوائیں۔اس کے ساتھ مل کر کالا باغ ڈیم کا پراجیکٹ مکمل کروائیں پھر دیکھیں گے آپ کہ قوم آپ کے گُن کیسے گاتی ہے َ۔ بس آپ کی ذرا سی ہمت کی ضرورت ہے پھر پاکستان بجلی میں خود کفیل ہو گا۔ (خیرا پرویز ، ڈھوک گلاب خان، راولپنڈی)