• news

ڈرون حملے روکنا ہمارا نہیں وفاقی حکومت کا کام ہے: پرویز خٹک

لاہور (وقت نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ڈرون حملے روکنا ہمارا نہیں وفاقی حکومت کا کام ہے، اگر وفاقی حکومت نے ڈرون حملے روکنے کا فیصلہ کیا تو ہم مدد کریں گے‘ جماعت اسلامی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں، تمام فیصلے مشاورت اور میرٹ پر ہو رہے ہیں‘ بلدیاتی نظام مکمل طور پر بدل دیا جائے گا کوئی چیئرمین ہو گا نہ ناظم اور نہ ہی میئر اور ڈپٹی میئر‘ رشتے دار خواتین کو نوازنے کی باتیں درست نہیں، مخصوص نشستوں پر ٹکٹیں پارٹی چیئرمین عمران خان کی منظوری سے دی گئی ہیں۔ ایوان وزیر اعلیٰ کے اخراجات کو سو فیصد سے کم کرکے بیس فیصد پر لائیں گے۔ وہ ہفتے کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین عمران خان بھی تمام معاملات کو دیکھ رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ڈرون حملوں کے خلاف ہے اور وفاقی حکومت کو چاہئے کہ وہ ڈرون حملوں کے متعلق پالیسی واضح کرے ہم بھی ڈرون حملے روکنے کی بھرپور حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈرون حملے ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر حملے ہیں اور ان کو ہر صورت روکا جانا چاہئے لیکن ڈرون حملے روکنا صوبائی حکومت کا نہیں بلکہ وفاقی کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ وزارتوں کی تقسیم یا کسی اور معاملے پر کوئی اختلاف نہیں بلکہ تمام فیصلے مشاورت سے میرٹ پر کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ایسا بلدیاتی نظام لانا چاہتے ہیں جس میں عام آدمی کو ریلیف ملے اس لئے ہم جو بلدیاتی نظام لائیں گے اس میں کوئی چیئرمین ہو گا ناظم اور نہ ہی میئر اور ڈپٹی میئر ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن