• news

لاس اینجلس: فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 6ہو گئی‘ ایک حملہ آور مارا گیا‘ ساتھی گرفتار

لاس اینجلس (نوائے وقت نیوز) امریکی شہر لاس اینجلس میں سانتا مونیکا کالج کے قریب فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔ ملزم سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا گیا۔ امریکی میڈ یا کے مطابق حملہ آور نے پہلے ایک گھر میں فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل کیا اس کے بعد باہر آ کر گھر کو آگ لگا دی۔ حملہ آور نے اس کے بعد ایک کار چھینی اور کالج کی طرف روانہ ہوا۔ سانتا مونیکا کالج کے قریب ملزم نے گزرتی ہوئی کاروں اور بس پر فائرنگ کی جس سے ایک خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ حملہ آور اس کے بعد کالج کی لائبریری میں گیا اور وہاں بھی فائرنگ کی۔ اس دوران پولیس سانتا مونیکا کالج پہنچ گئی اور فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے چاروں افراد ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد کالج اور قریبی سکولوں کو بند کر دیا گیا۔ ادھر سانتا مونیکا کالج سے چند میل دور ہی امریکی صدر بارک اوباما فنڈ ریزنگ تقریب میں شریک تھے۔ امریکی سیکرٹ سروس کے ترجمان کا کہنا ہے واقعے سے بارک اوباما کا دورہ متاثر نہیں ہوا، پولیس کے مطابق حملہ آور کی عمر 25 سال تھی اور اس نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی تھی۔ 

ای پیپر-دی نیشن