کراچی: لینڈ مافیا نے اربوں روپے کی زمین جعلی کاغذات پر 11 کروڑ میں ”خرید لی“
کراچی: لینڈ مافیا نے اربوں روپے کی زمین جعلی کاغذات پر 11 کروڑ میں ”خرید لی“
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بااثر لینڈ مافیا نے اربوں روپے کی زمین کروڑوں میں خرید لی۔ نجی ٹی وی کے مطابق ساڑھے چار ایکڑ زمین مبینہ جعلی سیل ڈیڈ پر 11 کروڑ لاکھ روپے میں خریدی گئی۔ رئیل اسٹیٹ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی موجودہ قیمت دو ارب روپے سے زیادہ ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی کی بیوی بھی حصے داروں میں شامل ہیں۔ سب رجسٹرار گلشن ٹاﺅن کے مطابق زمین کی فروخت کے کاغذات جعلی اور بوگس ہیں جبکہ گلشن اقبال کے مختیار کار نے کہا ہے کہ زمین کا اندراج موجود ہے، زمین کا این او سی جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ ریونیو کو کوئی اعتراض نہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ہاشم رضا زیدی نے کمشنر کراچی کی حیثیت سے کاغذات منظور کرائے۔ ان کا موقف ہے کہ کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ کاغذات والدہ کے پاس ہیں اور وہ بیروین ملک ہیں۔ زمین کے کاغذات فراہم کر سکتا ہوں۔ نجی ٹی وی کے مطابق زمین کے باقی 5 حصے داروں کو کوئی نہیں جانتا۔ زمین کی فروخت کا معاہدہ عارف حسین بھٹہ اور ملک شوکت حیات کے درمیان ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی ہاشم رضا زیدی نے وضاحت کی ہے کہ گلشن اقبال میں زمین کی خریداری سے میرا کوئی تعق نہیں، معاملے کی خود تحقیقات کروں گا۔ میری اہلیہ اور مجھے ملوث کرنا سازش ہے۔
لینڈ مافیا/ جعلی کاغذات