جماعت اسلامی کے ارکان قومی اسمبلی کا اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ
جماعت اسلامی کے ارکان قومی اسمبلی کا اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ
اسلام آباد (ثناءنیوز) جماعت اسلامی کے ارکان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بارے میں باضابطہ طور پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔ ایوان میں نشستوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی پاکستان کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ سے سیکرٹری قومی اسمبلی نے رابطہ کیا تھا۔ سیکرٹری کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا کہ جماعت اسلامی کے ارکان کو اپوزیشن نشستیں الاٹ کی جائیں۔ اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ طارق اللہ نے کہا ہے کہ مینڈیٹ کے احترام میں نواز شریف کو وزیراعظم کا ووٹ دیا تھا‘ قومی مفادات کے خلاف حکومتی فیصلوں کی ڈٹ کر مخالفت کی جائے گی۔ یاد رہے قومی اسمبلی کے پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر دوسرا سیشن 12 جون سے شروع ہو رہا ہے۔ جس میں باقاعدہ طور پر حکومتی، اپوزیشن جماعتوں کو نشستیں الاٹ کر دی جائیں گی۔ حسب روایت دائیں نشستوں پر حکمران اتحاد بائیں نشستوں پر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان بیٹھیں گے۔ نیا حکمران اتحاد مسلم لیگ (ن)‘ مسلم لیگ (فنکشنل ) جے یو آئی (ف)‘ نیشنل پارٹی اور بعض دوسرے پارلیمانی گروپس پر مشتمل ہے اسی طرح اپوزیشن میں پیپلزپارٹی، پاکستان تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی، متحدہ قومی موومنٹ ہوں گی۔ چاروں جماعتوں کو اپوزیشن بینچ الاٹ کئے جا رہے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کو قائد حزب اختلاف مقرر کرنے کا باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی