• news
  • image

صدر زرداری نے پنجاب‘ بلوچستان کے گورنرز کے استعفے منظور کر لئے

صدر زرداری نے پنجاب‘ بلوچستان کے گورنرز کے استعفے منظور کر لئے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثناءنیوز) صدر آصف علی زرداری نے پنجاب اور بلوچستان کے گورنرز کے استعفے منظور کر لئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کی ایڈوائس پر صوبوں میں نئے گورنرز کی تقرری ہوگی۔ نئی حکومت کی جانب سے اس بارے میں اعلیٰ سطح پر مشاورت مکمل کر لی گئی۔ سندھ اور خیبر پی کے میں بھی گورنرز کی تبدیلی کا قوی امکان ہے پنجاب میں مسلم لیگ( ن)جبکہ بلوچستان میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کی مرضی کا گورنر تعینات کیا جائے گا۔ ایوان صدر کے ذرائع نے تصدیق کی ہے صدر زرداری نے پنجاب کے گورنر مخدوم احمد محمود اور گورنر بلوچستان ذوالفقار علی مگسی کی جانب سے گزشتہ دنوں اپنے عہدوں سے بھجوائے گئے استعفے باضابطہ طور پر منظور کر لئے ہیں۔ پنجاب میں رانا اقبال اور بلوچستان میں جان محمد جمالی قائم مقام گورنر بن گئے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب، خیبر پی کے اور سندھ کے گورنرز کیلئے مختلف ناموں پر غور شروع کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب کے نئے گورنر کیلئے سینیٹر رفیق رجوانہ، سینیٹر جعفر اقبال اور ڈاکٹر علقمہ امیدوار ہیں۔ سندھ کے گورنر کیلئے ممنون حسین، ممتاز بھٹو اور مشاہد اللہ خان کے نام زیر غور ہیں جبکہ خیبر پی کے میں گورنر شپ کیلئے سردار مہتاب عباسی اور اقبال ظفر جھگڑا مضبوط امیدوار ہیں جبکہ گورنر بلوچستان کیلئے سابق بیورو کریٹ محمد خان اچکزئی اور یعقوب ناصر کے نام پر غور کیا جا رہا ہے۔

گورنرز

صدر/ استعفے منظور

epaper

ای پیپر-دی نیشن