کراچی : ٹارگٹ کلنگ بموں سے حملے‘ 3 پولیس اہلکار‘ 9 شہری ہلاک‘ لیاری میدان جنگ بنا رہا
کراچی : ٹارگٹ کلنگ بموں سے حملے‘ 3 پولیس اہلکار‘ 9 شہری ہلاک‘ لیاری میدان جنگ بنا رہا
کراچی (کرائم رپورٹر+نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) کراچی میں لاقانونیت، ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔ فائرنگ اور دستی بم کے دو حملوں میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 12 افراد جاںبحق 30 شدید زخمی ہو گئے۔ لیاری میدان جنگ بنا رہا، راکٹ بھی فائر کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پٹیل پاڑہ میں لسبیلہ روڈ پر نجی ہسپتال کے سامنے جمشید کوارٹرز تھانے کی موبائل پر موٹرسائیکل سوار 4 افراد نے نائن ایم ایم پستولوں سے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے 3 پولیس اہلکار اقبال، امجد اور عامر جاںبحق ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور سڑک پر ٹریفک معطل ہو گیا۔ ادھر لیاری گزشتہ روز بھی گینگ وار مجرموں کی لڑائی کی وجہ سے میدان جنگ بنا رہا۔ پتی لین مبین گبول پارک کے قریب دستی بم حملے میں ایک بچی دعا عبدالصمد اور 15 سالہ لڑکا ساجد جاںبحق 7 افراد زخمی ہو گئے لیاری کے ہی علاقے ہنگور آباد میں دوسرے دستی بم حملے میں خاتون سمیت 9 افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ ادھر لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ سے ایک نوجوان رفیع اللہ کی گولیوں سے چھلنی نعش برآمد ہوئی شبہ ہے کہ اسے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں مکی مسجد کے قریب مسلح افراد 2 نوجوانوں فقیر محمد اور زاہد کی نعشیں پھینک گئے۔ انہیں بھی اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنا کر مارا گیا لیاری کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا اس دوران 17 افراد زخمی ہو گئے۔ کورنگی کراسنگ کے علاقہ الطاف نگر میں خالی پلاٹ سے نامعلوم عورت کی ہاتھ پاﺅں بندھی نعش ملی گلشن اقبال کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں فائرنگ سے 19 سالہ عرفان حسین ہلاک3 زخمی ہو گئے۔ ادھر لیاری میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی جب کہ جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کے لئے رینجرز علاقے میں داخل ہو گئی اور سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ ہلاکتوں اور فائرنگ کے خلاف لیاری کی خواتین نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ علاوہ ازیں کھارادر کے علاقے صالح محمد سٹریٹ میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان الیکٹریشن ندیم کو قتل کر دیا۔ علاوہ ازیں کراچی پولیس نے پٹیل پاڑہ میں 3 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ایک شخص کو گرفتار اور اس کے ساتھیوں کی شناخت ہو جانے کا دعوی کیا ہے ملزم کو تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا این این آئی کے مطاق وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ نے لیاری میں دو روز سے جاری ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کراچی