جان کیری کے دورہ پاکستان میں ڈرون حملوں کا معاملہ پوری شدت سے اٹھانے کا فیصلہ
جان کیری کے دورہ پاکستان میں ڈرون حملوں کا معاملہ پوری شدت سے اٹھانے کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان میں بھی ڈرون حملوں کا معاملہ پوری شدت سے اٹھانے کافیصلہ کیا ہے اور مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ سے یہ حملے فوری طور پر بند کرنے کا یہ مطالبہ امریکہ کے افغانستان سے فوج کے انخلاءمیں کسی قسم کے تعاون کے لئے کارگر ثابت ہوگا۔اطلاعات کے مطابق امریکہ کے وزیرخارجہ جان کیری ممکنہ طور پر 26جون کو پاکستان کا دورہ کریں گے جس میں وہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد نواز شریف سے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔وہ وزارت خارجہ کے حکام سے باقاعدہ مذاکرات کریں گے جن میں دونوں ملکوں کے باہمی دلچسپی کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ابھی تک جان کیری کے دورہ کے بارے میں حتمی تاریخ کا تعین سفارتی ذرائع سے نہیں کیا گیا تاہم توقع ہے کہ یہ دورہ رواں ماہ کے آخری ہفتہ میں ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان نے جرمن وزیرخاجہ ڈیڈو ویسٹر ویلے کے گزشتہ روز کے دورہ پاکستان میں بھی یہ معاملہ شدت سے اٹھایا تھا اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے ان سے ڈرون حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
جان کیری/ ڈرون