تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا گیا، شفاف انتخابات اگلے سال ہونگے: فیصل رضا عابدی
اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے سنیئر رہنماءسینٹر فیصل رضا عابدی نے کہا ہے کہ آزادنہ انتخابات2014میں ہونگے۔ پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم اور اے این پی کو الیکشن میں حصہ نہیں لینا چاہیے تھا ۔تحریک انصاف کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے ، پاک ایران گیس منصوبہ2008میں شروع کر دیتے تو پیپلز پارٹی کو پھاڑ دیا جاتا۔پاک ایران گیس پائپ لائن اور گوادر پورٹ کے لیے71ہزار پاکستانی شہید ہوئے ہیں۔ پارٹی میں موجود کچھ لوگوں نے مجھے قیادت سے دور کیا ،کارکن ہوں چار سالوں سے لڑتا رہا اب بھی ہارنہیں مانوں گا ۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا کہ حالیہ انتخابات پرو طالبان سوچ رکھنے والی جماعتوں کے درمیان ہوئے ہیں ،پیپلز پارٹی ایم کیو ایم اور اے این پی کو تو نکلنے ہی نہیں دیا گیا ،کھلے عام کہا جا رہا تھا کہ یہ جماعتیں ہمارے نشانے پر ہیں ،ان جماعتوں کو انتخابات کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے تھا ،سیکرٹری الیکشن کمیشن یہ خود کہہ چکے ہیں کہ50حلقوں میں شفاف الیکشن نہیں ہوئے ہیں تو پھر ان حلقوں میں کامیابی کا نوٹیفکیشن کیسے جاری ہوا ،تحریک انصاف کا مینڈیٹ بھی چرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادانہ انتخابات2014میں ہونگے پھر قوم دیکھے گی کہ نتائج کیا آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں گوادر پورٹ اور پاک ایران گیس پائپ لائن کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں ،جس کی وجہ سے سکیورٹی فورسز سمیت71ہزار پاکستانی شہید ہوئے ہیں۔