• news

عبدالمالک بلوچ ڈاکٹر، افسانہ نگار اور قومیت پرست کارکن کے طور پر معروف ہیں: برطانوی میڈیا

لندن/ لاہور (اے پی اے) برطانوی میڈیا کے مطابق عبدالمالک بلوچ متوسط طبقے سے پہلے وزیر اعلیٰ بنے۔ وہ بطور ڈاکٹر، افسانہ نگار اور قومیت پرست کارکن کے طور پر معروف ہیں۔ ڈاکٹر مالک بلوچ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ بلوچستان کے مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ اس سے پہلے اس منصب پر بلوچستان کے سردار، نواب اور جام فائز ہوتے رہے ہیں۔ ڈاکٹر مالک کو بلوچستان کی قوم پرست سیاست کے تینوں ستونوں میر غوث بخش بزنجو، سردار عطاءاللہ مینگل اور نواب خیر بخش مری کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز رہا ہے۔ وہ پیشہ کے اعتبار سے آنکھوں کے ڈاکٹر ہیں۔ ان پر کبھی بدعنوانی کا کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔ وہ نواب اکبر بگٹی کی کابینہ میں وزیر تعلیم رہے۔ اسکے بعد نواب ذوالفقار مگسی کی کابینہ میں وزیرِ صحت کے منصب پر فائز رہے۔ وہ ایوان بالا کے بھی رکن رہے ہیں اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کی مشاورت میں شامل رہے ہیں۔ لاپتہ افراد اور مسخ شدہ لاشوں کی برآمدگی پر وہ سخت گیر موقف رکھتے ہیں، بعض تجزیہ نگاروں کا خیال تھا کہ سٹیبلشمنٹ کو وہ سوٹ نہیں کریں گے لیکن میاں نواز شریف نے بلوچ قومیت پرستوں کے ساتھ اپنا وعدہ نبھایا۔ 

ای پیپر-دی نیشن