پاکستان کا استحکام جمہوریت کے استحکام سے وابستہ ہے: متحدہ علماءکونسل
لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ علماءکونسل کے زیراہتمام آل پارٹیز استحکام جمہوریت کانفرنس جامعہ بیت القرآن سلطان پارک نزد کیولری گراﺅنڈ لاہور کینٹ میں پیر اختر رسول قادری، صدر (جے یو پی) پنجاب کی صدارت میں منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے تمام مذاہب کے اکابر، دینی و سماجی اور سیاسی رہنما جسٹس (ر) رحمت اللہ، سابق وزیر بریگیڈائر حامد سعید اختر، علامہ محمد ممتاز اعوان، کرنل (ر) سردار عبدالرﺅف مگسی، مفتی عاشق حسین، پادری ہتوک، ایاز ظہیر ہاشمی، پیر گردیزی، جمیل خان، علامہ وقارالحسنین نقوی، محمد رشید رضوی، یونس ریحان سلفی، بھگت لال، پارسی نوشاہی، جسی سنگھ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز میں جمہوریت کا پھلنا پھولنا اور جمہوریت کا عمل انتہائی نیک شگون ہے۔ کیونکہ پاکستان استحکام جمہوریت کے استحکام سے ہی وابستہ ہے اور لولی لنگڑی جمہوریت بدترین آمریت سے ہزار درجے بہتر ہے۔ تمام مذاہب کے اکابر نے اے پی سی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاتفریق رنگ و نسل پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور اس کی حفاظت بھی ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اور پاکستان کے بقاءو سلامتی و خوشحالی کے لئے مل جل کر جدوجہد کرنا ہم سب کا شعار ہونا چاہئے۔ آل پارٹیز استحکام جمہوریت کانفرنس کے اختتام پر تمام مذاہب و مسالک کے رہنماﺅں نے مشترکہ امن و یکجہتی کا بھی مظاہرہ کیا۔