مسائل کا حل چہرے نہیں نظام بدلنے سے ممکن ہے: قاری زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءپاکستان کے مرکزی رہنما علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا ہے کہ تمام ملکی مسائل کا حل صرف اور صرف نظام مصطفےٰ میں ہے چہرے بدلنے سے نظام میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے تمام محب وطن قوتوں کو متحد ہونا ہو گا، گزشتہ 60سالوں سے حکمرانوں نے ملک کوبد امنی اور انتشارکے سوا کچھ نہیں دیا سابق حکمرانوں کی 5 سالہ کارکردگی سے ملک 50 سال پیچھے جاچکا ہے، ملک میں بجلی ،گیس ،پٹرولیم مصنوعات کا بحران اور اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں کا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہونا ،ملک بھر کے کارخانے اور فیکٹریوں کا بند ہونا ،غریب عوام کا بھوکا مرنا ،چوری ،ڈکیتی اور قتل وغارت سابقہ حکمرانوں کے غریب عوام کے لئے تحفے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نبی پورہ گلبرگ میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ابومطاہر سرفراز احمد قادری ،رانا رحمت علی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔