استقبال رمضان: خانہ کعبہ کو عرق گلاب آب زم زم سے غسل دیا گیا
مکہ مکرمہ+طائف ( مبشر اقبال لون استادانوالہ+ممتاز احمد بڈانی) خانہ کعبہ کو غسل دےدیا گیا۔ خادم حرمین شریفین کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے خانہ کعبہ کو عطر، آب زم زم اور عرق گلاب سے غسل دیا۔ سعودی عرب میں تعینات سفیر پاکستان محمد نعیم خان کے علاوہ شیخ عبدالرحمن السدیس، شیخ ڈاکٹر الخزیم، علمائے کرام، مقامی وزراءاور مسلم ممالک کے سفراءبھی شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں وزارت حج کے فیصلے کے مطابق آج یکم شعبان سے تمام ممالک کو چودہ روز کے لئے عمرہ ویزا جاری کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ حرم شریف میں مطاف کے مقام پر ہونے والے توسیع کے کام کی وجہ سے کیا گیا۔ استقبال رمضان کے سلسلہ میں غسل دینے کی تقریب ہوئی۔ بیت اللہ شریف کو غسل دینے کے بعد روایت کے مطابق گورنر مکہ مکرمہ اور تمام مہمانوں نے نفل ادا کئے۔ امام کعبہ فضیلت الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل کو تحفہ پیش کیا۔ عالم اسلام، فلسطین کے لئے دعائیں کی گئیں۔