• news

پنجاب کابینہ میں 15 اضلاع کو نمائندگی، 3 ضلعوں سے ایک سے زائد وزیر بنے

لاہور (خبرنگار) پنجاب کی 21 رکنی کابینہ میں 15 اضلاع کو نمائندگی دی گئی ہے صرف تین اضلاع سے ایک سے زائد وزیر لئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ 3 وزیر لاہور، 2/2 وزرا پاکپتن اور اٹک سے لئے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ اعتماد کا اظہار سابق ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خان پر کیا گیا انہیں 5 اضافی محکمے دئیے گئے ہیں۔ لاہور سے وزیر بننے والوں میں میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کو خزانہ کے علاوہ ایکسائزو ٹیکسیشن کا اضافی چارج دیا گیا جبکہ رانا مشہود احمد خان کو سکول ایجوکیشن کے علاوہ ہائر ایجوکیشن، یوتھ افیئرز، سپورٹس، آرکیالوجی اور سیاحت کے اضافی محکمے سونپے گئے ہیں۔ لاہور سے تیسرے وزیر بلال یٰسین ہیں جنہیں خوراک کا اہم محکمہ سونپا گیا۔ اٹک سے دو وزیر کابینہ میں شامل کئے گئے جن میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو تحفظ ماحولیات اور شیر علی خان کو انرجی کے اہم محکمے کے ساتھ ساتھ محکمہ معدنیات کا اضافی چارج سونپا گیا۔ پاکپتن سے بھی دو وزیر لئے گئے ہیں جن میں سدابہار پارلیمنٹرین میاں عطا محمد مانیکا کو سوشل ویلفیئر اور بیت المال کا محکمہ دیا گیا۔ ڈاکٹر فرخ جاوید کو زراعت کا محکمہ سونپا گیا ہے۔ دیگر 12 اضلاع سے ایک ایک وزیر لیا گیا۔ فیصل آباد سے رانا ثناءاللہ خان، منڈی بہا¶الدین سے حمیدہ وحیدالدین، خوشاب سے آصف ملک، چکوال سے تنویر اسلم ملک، مری (پنڈی) سے راجہ اشفاق سرور، اوکاڑہ سے میاں یاور زمان، ملتان سے عبدالوحید چودھری، ساہیوال سے ندیم کامران، وہاڑی سے آصف سعید منہیس، مظفرگڑھ سے سید ہارون احمد سلطان، بہاولپور سے ملک محمد اقبال چنڑ، رحیم یار خان سے چودھری محمد شفیق کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ بیگم ذکیہ شاہنواز خواتین کی مخصوص نشست اور طاہر خلیل سندھو اقلیتوں کی مخصوص نشست پر کامیاب ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن