پنجاب میں سرکاری ملازمین کے بغیر سروس کارڈ دفاتر میں داخلے پر پابندی
لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین کے بغیر دفتری کارڈز دفاتر میں داخلے پر پابندی لگا دی۔ ذرائع کے مطابق سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی سرکاری اداروں کے سربراہوں، انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز، خود مختار اداروں کے ذمہ داروں کے نام جاری کئے گئے مراسلہ میں ہدایت کی گئی ہے کہ گریڈ ایک سے 22تک کے تمام سرکاری ملازمین قواعد کے تحت اپنے اپنے عہدوں کے حامل دفتری شناختی کارڈز اپنے سینوں کے بائیں جانب آویزاں کر کے دفتر آئیں تاکہ نہ صرف مختلف میٹنگز کے دوران بلکہ دفتری اوقات میں مختلف حوالوں سے آنے والے سائلین و دیگر کو بخوبی اندازہ ہو سکے کہ ان کے سامنے کون سی شخصیت موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق مراسلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی پر ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ درپں اینا بورڈ آف ریونیو پنجاب نے عام آدمی کی سہولت اور رہنمائی کے لئے صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ کلکٹرز ،اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے دفاتر کے باہر اپنے ٹیلی فون اور موبائل ٹیلی فون نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی ہے۔ مزید برآں ریونیو اہل کاروں کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ رجسٹری اور انتقال کرانے والی پارٹیوں کے رابطہ نمبر اور ٹرانزیکشن کی فہرست چوبیس گھنٹوں کے اندر اسسٹنٹ کمشنرز ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور ڈسٹرکٹ کلکٹرز کو فراہم کریں گے۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ندیم اشرف نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز محکمہ ریونیو کے سٹاف کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کے لئے رجسٹری اور انتقال کرانے والے میں سے 5سے 10فیصد افراد سے فیڈ بیک حاصل کریں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کلکٹرز ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سب رجسٹرار اور ایک ریونیو اسٹیٹ کے دفاتر کی بالترتیب ماہوار ،پندرہ روزہ اور ہفتہ وار انسپکشن کریں گے اور اس کی رپورٹ متعلقہ کمشنر اور سینئر ممبر /ممبر بورڈ آف ریونیو کو بھجوائیں گے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ کلکٹرز ریونیو ریکارڈ کی کمپوٹرائزیشن کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کمپوٹرائزیشن کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔