• news

پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملوں کیخلاف، جلد بلدیاتی الیکشن کیلئے قراردادیں جمع

لاہور (سپیشل رپورٹر + آئی این پی) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے میاں اسلم اقبال نے ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کروائی ہے جبکہ دوسری طرف (ق) لیگ کے سردار وقاص موکل نے فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد‘ عامر سلطان چیمہ نے برما میں ہونےوالے مسلمانوں پر مظالم کے خلاف جبکہ (ق) لیگ کی ہی ثمینہ خاور حیات نے پانچ سے سولہ سال تک کے بچوں کیلئے مفت تعلیم کی فراہمی کے مطالبے کی قرار داد جمع کرائی۔ دریں اثناء(ق) لیگ کے ڈاکٹر محمد افضل اور سردار وقاص موکل کی جانب سے مشترکہ طور پر ایل ڈی اے پلازہ لاہور میں آتشزدگی سے ہونے والا نقصان اور دو درجن سے زائد افراد کی ہلاکت کے خلاف تحریک التوائے کار جمع کرا دی۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر میاں محمود الرشید کی جانب سے شاہدرہ میں غیر قانونی زیر حراست سراج نامی شہری کی پولیس تشدد سے ہلاکت پر توجہ دلاﺅ نوٹس جمع کروایا گیا جبکہ میاں محمود الرشید اور رکن صوبائی اسمبلی مراد راس کی جانب سے مشترکہ طور پر نواب ٹاﺅن میں خاتون پر پولیس تشدد‘ خسرے کی غیر معیاری ویکسین سے ہونےوالی ہلاکتوں‘ گلبرگ سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی پلازوں کی تعمیر اور برسات سے پہلے بوسیدہ اور پرانی عمارتوں کے سروے نہ کرنے کے خلاف مجموعی طور پر چار تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن