لاہور پولیس کی ہٹ دھرمی، مقدمے درج کرانے کیلئے عدالتوں میں درخواستوں کے ڈھیر لگ گئے
لاہور (شہزادہ خالد سے) صوبائی دارالحکومت کے 82 تھانوں میں پولیس کی طرف سے مقدمات درج نہ کرنے کے باعث سائلوں کی طرف سے عدالتوں میں اندراج مقدمات کی درخواستوں کے ڈھیر لگ گئے۔ عدالتوں پر کام کا بوجھ بڑھ گیا۔ سیشن عدالتوں میں ایک ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد اندراج مقدمات کی درخواستیں دائر کی گئیں۔ گذشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج طارق محمود ضرغام کی عدالت میںاندراج مقدمہ کی 300 درخواستوں کو سماعت کیلئے پیش کیا گیا۔ دائر درخواستوں پر 24 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبان نے ایک ماہ میں 154 درخواستوں پر فیصلے سنائے۔ درخواستوں میں شہریوں نے م¶قف اختیار کیا ہے کہ پولیس انہیں انصاف فراہم نہیں کر رہی اور نہ ہی مناسب تفتیش کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف وکلا ہڑتال کے باعث گذشتہ روز ماتحت عدالتوں میں زیر سماعت 25 ہزار سے زائد مقدمات التوا کا شکار ہوئے۔ متعدد ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں وکلا کی بحث نہ ہونے کے باعث آئندہ تاریخوں کیلئے ملتوی کر دی گئیں جبکہ دو سو سے زائد گرفتار ملزموں کی درخوا ست ضمانتوں پر وکلاءکی بحث نہ ہونے کی وجہ سے سماعتیں نہ ہو سکیں۔