• news

4 خودکشیاں، غربت کے باعث 3 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا لیں

فیصل آباد + گوجرانوالہ + وزیر آباد (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) دو واقعات میں ایک دوشیزہ جاں بحق دوسری کی حالت نازک ہے۔ محلہ اسلام پورہ کی رہائشی چودہ سالہ سونیا نے بہن کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گندم کی گولیاں کھا لیں حالت غیر ہونے پر ٹی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا مگر تشویشناک حالت کے پیش نظر فیصل آباد ریفر کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی جبکہ رشید پارک کی رہائشی اقراءنے والدین سے جھگڑ کر گولیاں کھا لیں جس کو طبی امداد کے بعد فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔گوجرانوالہ میں غربت کی ستائی ہوئی تین بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی بتایا گیا ہے کہ ڈسکہ کے علاقہ سانے والا کا رہائشی تین بچوں کے باپ لیاقت کی بیوی سمیرا اکثر پریشان رہتی تھی گزشتہ روز گھر میں کھانا پکانے کیلئے کچھ نہ ہونے پر دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں۔ نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ وزیر آباد میں شادی شدہ خاتون نے گھریلو ناچاقی پر زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ نواحی گاﺅں کلاسکے کی رہائشی جواں سالہ صوبیہ کی شادی دو ماہ قبل گاﺅں کے شوکت کے ساتھ ہوئی تھی۔ گھر میں اکثر اوقات لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس پر گزشتہ روز دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں۔مریدکے میں 25سالہ نوجوان نے کنپٹی پر پسٹل رکھ کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیل کے مطابق مریدکے کی آبادی چاہل گارڈن کے علاقہ کے رہائشی 25سالہ نوجوان فیصل سندھو نے گھر والوں سے جھگڑے کے بعد پسٹل سے زندگی کا خاتمہ کر لیا، جھگڑا کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

ای پیپر-دی نیشن