صدر کا خطاب آئینی ضرورت کے تحت تھا ہاشمی کے ایک فقرے پر پارٹی انکے پیچھے پڑ گئی، یہ جمہوری رویہ نہیں: چودھری نثار
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے صدر زرداری کا پارلیمنٹ سے خطاب آئینی ضرورت کے تحت تھا‘جاوید ہاشمی سے تحریک انصاف کی قیادت کے رویے نے ثابت کر دیا ہے مسلم لیگ (ن) ہی ملک کی واحد جمہوری جماعت ہے جس میں رہتے ہوئے جاوید ہاشمی نے بارہا پارٹی پالیسیوں کے برعکس فیصلے کئے پھر بھی قیادت نے انہیں برداشت کیا۔ صدارتی خطاب کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا صدر کا خطاب آئینی تقریر تھی جو آئینی ضرورت کے تحت کی گئی‘ انہوں نے کہا جاوید ہاشمی جب مسلم لیگ (ن) میں تھے تو وہ نہ صرف دوسری جماعتوں کے دھرنوں میں شریک ہوتے تھے بلکہ پارٹی پالیسیوں کے خلاف آئینی ترامیم کے دوران ووٹ بھی دیا۔ جاوید ہاشمی نے کئی بار اپنی تقاریر اور بیانات میں بھی پارٹی قیادت کو نشانہ بنایا تاہم اس سب کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کبھی ان سے ایسا کوئی رویہ اختیار نہیں کیا جیسا انہیں نواز شریف کی حمایت میں بیان دینے کے بعد سہنا پڑا۔ انہوں نے کہا جاوید ہاشمی نے صرف نوا زشریف کی حمایت میں ایک فقرہ ہی بولا تھا جس پر پوری پارٹی ان کے پیچھے پڑ گئی۔ انہوں نے کہا جمہوری جماعتوں کا یہ رویہ نہیں ہوتا بلکہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جو رویہ ہمیشہ اختیار کیا گیا وہی جمہوری پارٹیاں اختیار کرتی ہیں۔