لوڈشیڈنگ، مہنگائی کا خاتمہ، عوامی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے : صوبائی وزراء
لاہور (خبرنگار) پنجاب کابینہ کا حلف اٹھانے والے صوبائی وزرا نے لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے اور عوام کے مسائل حل کرنے کو اپنی ترجیح قرار دیا۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صحت و تعلیمی شعبہ کی اصلاحات اور انفراسٹرکچر پر جاری کام کو آگے بڑھائیں گے۔ انرجی سیکٹر پر کام کرنے میں پہلے وفاقی حکومت رکاوٹ تھی اب وفاق میں بھی ہماری حکومت ہے، پنجاب میں بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر ترجیحی کام ہو گا۔ ملک ندیم کامران نے کہا وہ پچھلے 5 برس بھی وزیر رہے ہیں۔ اس مرتبہ قوم نے جو بھرپور اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے۔ کوشش کریں گے عوام کی توقعات پر پورا اتریں۔ ملک اقبال چنڑ نے کہا کہ وہ گذشتہ حکومت میں بھی وزیر تھے تب بھی عوام کی خدمت مقصد تھا، اب بھی پہلی ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ میاں شہباز شریف نے جنوبی پنجاب میں عوام کی جو خدمت کی جس طرح ترقیاتی کام کئے اس کے بدلے میں عوام نے بھی بھرپور اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے۔ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ قوم نے ہمیں اپنا بھرپور مینڈیٹ دیا ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ قوم کی مشکلات دُور کریں۔ توانائی بحران چند دن میں حل نہیں ہو سکتا، اس پر وقت لگے گا۔ دو سال میں لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے۔ لوڈشیڈنگ کے خاتمے سے بہتری آئے گی۔ عطا مانیکا نے کہا کہ وہ 1995ءکے بعد اب وزیر بنے ہیں، عوام کے مسائل کے حل کیلئے جو ہو سکے گا، کریں گے۔ میاں شہباز شریف ہم سب سے بہتر عوام کے مسائل جانتے ہیں۔ ان کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کریں گے۔ شیر علی خان نے کہا کہ صوبے کے مسائل کے حل کیلئے انرجی ضروری ہے۔ توانائی کا بحران حل ہو گا تو بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس وقت جو صنعتیں بند پڑی ہیں، وہ چالو ہو سکیں گی۔ بحران پر خصوصی توجہ دیں گے۔ خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل ہی سب سے بہتر راستہ ہے۔ اقلیت کے حوالے سے غلط فہمیاں دُور کریں گے۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور چرچ میں پاکستان کی ترقی کیلئے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔ یاور زمان نے کہا کہ پہلی ترجیح غریب آدمی کی زندگی میں آسانیاں لانا ہے۔ مہنگائی کا خاتمہ، لوڈشیڈنگ میں جلد از جلد کمی، گیس کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ انفراسٹرکچر میں بہتری ترجیحات میں شامل ہے۔ بلال یٰسین نے کہا کہ ان کی واحد ترجیح عوام کی خدمت ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔ لوڈشیڈنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے، اس کا حل ترجیحی بنیادوں پر نکالا جائے گا۔ بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جو ذمہ داری سونپیں گے، اسے پوری سنجیدگی اور پوری ذمہ داری سے انجام دُوں گی۔ حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، مہنگائی کی وجہ سے عوام نے پیپلزپارٹی کو مسترد کیا ہے، ان کے حل ترجیح دیں گے۔