• news

پاکستان‘ بھارت کا بجلی‘ گیس کے شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کو توانائی کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ توانائی بحران کے باعث معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے چیلنج سے نپٹنے کیلئے ہرممکن اور ضروری اقدامات اٹھائیگی تاکہ عوام کی مشکلات کو دور کیا جاسکے اور معیشت کو صحیح ڈگر پر لایا جاسکے۔ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائےگا اور اس ضمن میں بھارت کا تعاون حاصل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے توانائی سیکٹر میں تعاون بڑھانے کیلئے دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔ دونوں ملک تجارتی، اقتصادی اور معاشی تعلقات کو فروغ دے کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان مفید معاشی تعلقات کا فائدہ عوام کو پہنچے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار بھارت سے تعلق رکھنے والے بجلی اور گیس سیکٹر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بھارتی وفد نے ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باگلے کی سربراہی میں ماڈل ٹاﺅن میں وزیراعلیٰ سے ملاقات کی جس کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان بجلی اور گیس کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں صوبائی وزیر توانائی شیر علی خان، چیف سیکرٹری، سابق نگران وفاقی وزیر پانی و بجلی ڈاکٹر مصدق ملک، سیکرٹری خزانہ، مشیر پاور پلاننگ این ٹی ڈی سی، متعلقہ حکام، بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باگلے ،جائنٹ سیکرٹری وزارت بجلی مسز ریٹا اچاریہ ،جائنٹ سیکرٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی گیس پی کے سنگھ، سنٹرل الیکٹریسٹی اتھارٹی انڈیا کے ممبر مسٹر رویندر، بھارتی پنجاب کے سیکرٹری پاور اینڈ انرجی انی ردھ تیواری،جی اے آئی ایل کے نمائندوں مسٹر وی این دت، پی کے پال، آر کے ماتھر، پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ کے مکیش کھنہ، وائی کے سہگل اور دیگر ماہرین نے شرکت کی۔بھارتی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا پاکستان اور بھارت ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ملکوں کو پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہونا ہے کیونکہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ صرف اور صرف اقتصادی میدان میں تعاون اور ترقی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا خطے کی ترقی، خوشحالی اور امن کےلئے پاکستان اور بھارت کے مابین تجارتی تعاون بڑھانا بہت ضروری ہے۔ دونوں ملک تجارت،سرمایہ کاری، صنعت، تعلیم،صحت اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا امن کو موقع دیئے بغیر دونوں ملک خوشحالی اور ترقی کی منزل حاصل نہیں کرسکتے۔ بلاشبہ پاکستان کی معیشت، صنعت، زراعت اور دیگر شعبے توانائی بحران کے باعث شدید متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ معمول کی زندگی بھی متاثر ہوئی ہے لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی اور ہم اس چیلنج کو مواقع میں بدلیں گے۔ انہوں نے بھارتی وفد کی پاکستان آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ انتہائی حوصلہ افزا امر ہے شعبہ توانائی سے وابستہ بھارتی وفد کے ارکان لاہور میں موجود ہیں اور انشاءاللہ شعبہ توانائی سے وابستہ پاکستانی ماہرین کا وفد بھی جلد بھارت کا دورہ کرے گا تاکہ شعبہ توانائی میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے مزید پیش رفت ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا میٹنگ میں جو قابل عمل تجاویز سامنے آئی ہیں انہیں میں وزیراعظم کے سامنے پیش کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا پاکستان اور بھارت کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ بہت مفید تجاویز سامنے آئی ہیں جن پر عملدرآمد کرکے دونوں ملکوں کے درمیان شعبہ توانائی میں تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ بھارتی وفد نے وزیراعلیٰ کو امرتسر سے لاہور تک بجلی کی ٹرانسمیشن لائن اور جالندھر سے جلو تک گیس پائپ لائن بچھانے کے مجوزہ منصوبے سے آگاہ کیا اور مجوزہ منصوبے کی تفصیلات کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستانی ماہرین نے بھی مجوزہ منصوبے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گوپال باگلے نے کہا پاکستان میں جمہوری انداز میں پرامن انتقال اقتدار ہوا۔ بھارتی قیادت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نئی حکومت کیلئے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔ امید ہے وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرقیادت پاکستان میں نئی حکومت کے قیام سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ این این آئی کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے صوبائی کابینہ کے ارکان کو مبارکباددیتے ہوئے کہا ہے اللہ تعالیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈالی ہے۔ہمیں اجتماعی بصیرت اور مشترکہ کاوشوں سے ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنا ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی صوبائی وزراءاپنی تمام تر توانائیاںعوام کے مسائل کے حل کیلئے صرف کریںاور عوام کی توقعات و امیدوں پر پورا اتریں۔عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا اور انہیں ریلیف فراہم کرنا صوبائی وزراءکی اولین ذمہ داری ہے۔ مجھے امید ہے صوبائی وزراءعوام کی دن رات خدمت کرکے نئی مثال قائم کریں گے۔ انہوںنے کہا صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے کابینہ کے ارکان محنت، دیانت، امانت اور خلوص نیت سے کام کریں۔ اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے ہر وقت کھلے رکھیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن