بیک لاگ ختم‘ پاکستان میں 7 لاکھ 68 ہزار پاسپورٹ بنا دئیے : ذوالفقار چیمہ
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) پاکستان میں 7 لاکھ 68 ہزار پاسپورٹ بنا دیئے۔ بیک لاگ ختم ہو گیا ہے۔ ڈی جی پاسپورٹ ذوالفقار احمد چیمہ کے مطابق ارجنٹ فیس کے ساتھ جمع کرائے گئے پاسپورٹ ایک ہفتے میں مل جائیں گے۔ 50 ہزار سے زائد عازمین حج کے پاسپورٹ متعلقہ سٹیشنز پر بھجوا دیئے گئے ہیں۔ نارمل فیس کے ساتھ جمع کرائے گئے پاسپورٹ اسی ماہ کے آخر تک جاری کر دیں گے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 82 ہزار اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بھی بن گئے۔ دریں اثنا پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے علاوہ پاکستانی سفارت کاروں نے محکمہ پاسپورٹ میں پھیلے گند کو مختصر ترین وقت میں صاف کردینے پر ذوالفقار چیمہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال اس بات کی مظہر ہے کہ اگر کسی محکمے یا ادارے کا سربراہ مخلص اور غیر معمولی انتظامیہ صلاحیتوں کا حامل ہوتو ملکی اداروں میں پھیلی بدنظمی اور افراتفری ناقابل یقین حد تک کم وقت میں سلجھ سکتی ہے۔