”سلمان نے سورج پنچولی کو جیا خان سے دوستی چھوڑنے کیلئے کہا تھا“ بھارتی میڈیا نے دبنگ خان پر خودکشی کا ملبہ ڈال دیا
ممبئی (اے پی اے) پاکستان کا معاملہ ہو یا فلم نگری کی صورتحال، بھارتی میڈیا کسی بھی معاملے میں غیر ضروری سنسنی اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ اس کی تازہ مثال اداکارہ جیا خان کی خودکشی بھی ہے۔ ممبئی پولیس نے اداکارہ کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی کو گذشتہ روز گرفتار کیا جبکہ بھارتی میڈیا اس معاملے میں سلمان خان کو مورد الزام قرار دے رہا ہے۔ اس نے دعویٰ کیا ہے کہ اداکار ادیتیہ پنچولی اور ان کے اہل خانہ سلمان خان کی رائے کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور سلمان خان نے ہی سورج پنچولی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ جیاخان کی دوستی چھوڑ دے جس پر سورج نے جیا سے تعلقات ختم کردئیے تھے جو اداکارہ کی خودکشی کی وجہ بنا۔ میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کو بھی ممبئی پولیس پوچھ گچھ کےلئے بلا سکتی ہے۔ دوسری جانب سورج پنچولی کو 13 جون تک پولیس ریمانڈ پر دیدیا گیا اور اس سے سارے معاملے کی تفتیش ہو رہی ہے۔