ڈرون حملے نواز شریف کی حکومت پر دباﺅ بڑھانے کیلئے ہیں: حمید گل
لاہور (خبر نگار) آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ کرزئی امریکی کٹھ پتلی ہیں۔ ان کا کھیل ختم ہو چکا۔ آنیوالے دنوں میں افغانستن میں ان کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ ڈرون حملے نواز شریف کی حکومت پر دباﺅ بڑھانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ بھارت کے لڑاکا طیاروں کی پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی دانستہ ہے، اتفاقیہ یا غلطی نہیں ہے۔ بھارت سے بغلگیر ہونے کی کوشش کرنیوالے میاں نواز شریف دیکھ لیں بھارت کیسا جواب دے رہا ہے۔ ڈرون حملوں پر تو قوم کو کہہ دیا جاتا ہے کہ گرائیں کیسے؟ مگر بھارتی طیاروں کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی قوم برداشت نہیں کریگی۔ قوم بھارت کے معاملے میں بیحد حساس ہے۔ اس کا دباﺅ ہو گا کہ ”جواب“ دو۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ این آر او 2 بھی جلد سامنے آنے کی امید ہے۔ جان کیری کا یہ فارمولا کہ بھارت کو افغانستان میں کردار دلایا جائے اور پاکستان چین سے فاصلے پر رہے اور پاکستان میں سول اور ملٹری کو قریب نہ آنے دیا جائے، پر عمل ہو رہا ہے۔ جان کیری کا فارمولا یہی ہے کہ پاکستان پر دباﺅ بڑھاﺅ، مشکلات میں اضافہ کرو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اب امریکہ کے سامنے بھی کھڑا ہونا ہے۔ اس پر واضح کرنا ہے کہ باعزت رختصی چاہئے تو پاکستان کی مدد کے بغیر ممکن نہیں۔ پاکستان کے خلاف بھارت کی افغانستان سے جاری دہشت گردی کی مہم میں کرزئی نے بھارت کا بھرپور ساتھ دیا۔