• news

بھارت کی طرف سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی انکوائری کروائی جائے: فضائی ماہرین

لاہور (خبر نگار) بھارت نے ہمارا ایسا طیارہ جو غلطی سے سرحد پار چلا گیا تھا، مار گرایا تھا، اب بھارت کے مسلح طیاروں نے ہماری حدود کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، ہمیں انہیں وارننگ دینا ہوگی کہ آئندہ غلطی ہوئی تو نتائج بھگتنا ہونگے۔ جنگی طیاروں کو اپنی سرحد کے 15 میل اندر رہنا ہوتا ہے، اس سے آگے آنا ہو تو پہلے اطلاع دینا ضروری ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ائرمارشل (ر) شاہد لطیف اور ایئر مارشل شاہد ذوالفقار نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ ائرمارشل (ر) شاہد لطیف نے کہا کہ 4 برس پہلے بھی بھارت کے دو جنگی طیارے ہماری حدود میں داخل ہوئے تھے۔ بجائے اسکے کہ بھاتری حکومت وضاحت کرتی کہ غلطی سے سرحد عبور کرلی، الٹا ہمارے وزیراعظم گیلانی نے بھارت کی صفائی پیش کر دی کہ غلطی سے آ گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آجکل نیوی گیشن سسٹم اتنا بہتر ہے کہ یہ ممکن نہیں کہ آپ کو پتہ نہ ہو کہ آپ کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا انکوائری کروانی چاہئے۔ بھارت سے جواب مانگنا چاہئے۔ واضح کرنا ہوگا فضائی حدود کی خلاف ورزیاں ناقابل برداشت ہیں۔ انہوں نے کہا سرحد پر بھارت کا ایک فوجی اپنے علاقے میں مارا جاتا ہے تو الزام ہم پر لگا دیتے ہیں۔ ہمیں بھی دنیا میں ان کے اس ”جرم“ کا ڈھنڈورا پیٹنا ہو گا۔ ائرمارشل شاہد ذوالفقار نے کہا کہ جس علاقے میں بھارتی طیاروں نے سرحد کی خلاف ورزی کی وہاں ملٹری یا سول ٹارگٹ نہیں، بادی النظر میں یہ غلطی لگتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن