رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 3.89 فیصد کمی
کراچی (اے پی اے) وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران 22 ارب 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی مصنوعات برآمد کیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 3.89 فیصد زیادہ ہیں۔ اس دوران درآمدات کی مالیت صرف 0.19 فیصد کے اضافے سے 41 ارب ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، درآمدات کے مقابلے میں برآمدات میں تیزی سے اضافے کے باعث جولائی 2012ءسے مئی 2013ءکے دوران پاکستانی تجارت کا خسارہ 3.89 فیصد کمی سے 18 ارب 68 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک محدود رہا۔ گذشتہ ماہ پاکستان نے 2 ارب 17 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی اشیا برآمد کیں جو مئی 2012ءکی 2 ارب 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی برآمدات سے 0.83 فیصد زیادہ ہے تاہم مئی 2013ءمیں درآمدات کی مالیت سال بہ سال 11.69 فیصد کے اضافے سے 4 ارب 34 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہی جس کے نتیجے میں مئی کا تجارتی خسارہ 25.20 فیصد کے نمایاں اضافے سے 2 ارب 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالر پر جا پہنچا، اپریل 2013ءکے مقابلے میں گذشتہ ماہ برآمدات 2.11 فیصد، درآمدات 11.18 فیصداور تجارتی خسارہ 22.03 فیصد زائد رہا،اپریل میں برآمدات 2 ارب 13 کروڑ ڈالر، درآمدات 3 ارب 90 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور تجارتی خسارہ ایک ارب 77 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا۔