• news

کراچی: سیاسی جماعتوں کے کارکنوں‘ پولیس اہلکار سمیت 13 افراد قتل‘ متحدہ آج یوم سوگ منائے گی

کراچی (کرائم رپورٹر + خصوصی رپورٹر) کراچی میں جمعرات کو بھی تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں سمیت 13 افراد ہلاک اور تین افراد زخمی ہو گئے۔ سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کی ہلاکت کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں شدید کشیدگی، ہوائی فائرنگ کے بعد دکانیں اور بازار بند ہو گئے۔ سچل کے علاقے میں ہیڈ کانسٹیبل عنایت اللہ کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ادھر گلشن حدید میں ایک شخص کی ہاتھ پاﺅں بندھی لاش ملی جسے تشدد اور سر میں گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ مقتول کی شناخت بعدازاں متحدہ قومی موومنٹ یونٹ 84 کے کارکن آصف کی حیثیت سے ہوئی۔ آصف کا نام متحدہ قومی موومنٹ کے ان آٹھ لاپتہ افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا جن کی بازیابی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ اپیلیں کر رہی ہے۔ گلشن معمارمیں دو افراد کی لاشیں ملیں۔ شناخت کامران اور عبداللہ کی حیثیت سے ہوئی۔ لاشیں قصبہ کالونی پہنچیں تو وہاں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی۔ پہاڑ گنج چورنگی کے نزدیک موٹر سائیکل پر جانے والے اہل سنت والجماعت کے کارکن شفیق بابا کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ کورنگی کے علاقے میں دو افراد رضوان جاگیرانی اور نجم علی قاضی ہلاک ہو گئے۔ مقتولین کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ کی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی سے تھا۔ ہارون آباد میں مسلح افراد نے رفیق الحق کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ادھر اورنگی ٹاﺅن میں ایک 8 سالہ بچے کی لاش ملی جسے تشدد کر کے ہلاک کیا گیا تھا۔ ملیر سٹی کے علاقے علیم آباد میں مسلح افراد نے مجلس وحدت المسلمین کے کارکن علی عباس کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ، ماورائے عدالت قتل اور اغوا کے خلاف (آج) ملک بھر میں احتجاج، یوم سوگ کا اعلان کر دیا، تاجر برادری سے رضاکارانہ طور پر کاروبار بند رکھنے کی اپیل‘ چیف جسٹس آف پاکستان سے سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ خالد مقبول صدیقی نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے اس قتل عام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عالمی سطح پر ہماری آواز پہنچا کر ہمارے کارکنان کے قتل عام کا سلسلہ بند کروائیں۔ مزید برآں جمعرات کی شب بھیم پورہ کے علاقے میں نامعلوم کار سوار ایک شخص کی لاش پھینک کر فرار ہوگئے جسے تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا۔ لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے علاقے بی ون ایریا سے نامعلوم افراد نے جمعرات کی شب متحدہ قومی موومنٹ یونٹ نمبر160 کے انچارج منصور بھائی کو اغوا کرلیا اورنگی ٹاﺅن کٹی پہاڑی کے علاقے میں جمعرات کی شب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ وفاقی جامعہ اردو کے تحت جمعہ کو ہونے والے امتحانات ایم کیو ایم کے یوم احتجاج اور سوگ کی وجہ سے ملتوی کر دئیے گئے۔ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا جبکہ سکول اور کالجز بھی آج بند رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن