وزیر اعظم نواز شریف سے جبری ریٹائر کئے جانیوالے ملازمین کی اپیل
وزیر اعظم نواز شریف سے جبری ریٹائر کئے جانیوالے ملازمین کی اپیل
مکرمی! 1997ءمیں جب میان نواز شریف کی حکومت تھی ، بنکوں اور دوسرے اداروں سے بے شمار بندے آئی ایم ایف کے کہنے پر نکال دیئے تھے اور ان کو جبری ریٹائر کر دیا تھا۔ اب تک بے شمار محکموں کے بندے اپنے اپنے اداروں میں بحال ہوچکے ہیں۔ خصوصاً زرداری حکومت نے پچھلی بے نظیر حکومت کے نکالے ہوئے بندے بحال کر دیئے ہیں۔ 1997ءہی میں آپ کی حکومت نے یو بی ایل سے ساڑھے پانچ ہزار آدمی فارغ کر دیئے تھے جن کا آج تک کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ یو بی ایل کے علاوہ تمام محکموں کے بندے بحال ہو چکے ہیں۔ ذرا سوچئے کہ ملازمین نے یہ 16 سال کا عرصہ کن مشکل حالات میں گزارا ہوگا۔ آپ نے آج تک یو بی ایل کے آدمی بحال کرنے کا وعدہ تو نہیں کیا لیکن آپ نے یہ ضرور کہا ہے کہ آپ لوگوں کو مایوس نہیں کریں گے تو جناب سے گزارش ہے کہ یو بی ایل سے 1997ءمیں نکالے گئے ملازمین کو بحال کر دیں اور اس وقت جو حکومت سے غلطی ہوئی تھی اس کا ازالہ فرمائیں گے۔(جاوید اختر قاضی ساکن اسلامیہ سٹریٹ اتحاد کالونی اچھرہ لاہور)