بجٹ میں غریب آدمی کی تذلیل کی گئی، اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے: شیخ رشید
راولپنڈی ( آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد نے نئے مالی سال کے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں غریب آدمی کیلئے کچھ نہیں‘آٹا‘ چائے‘ چینی سمیت غریب کے استعمال کی ہر چیز میں اضافہ ہوگیا ہے‘ یہ اکانومسٹ کا نہیں اکاﺅنٹنٹ کا بجٹ ہے۔ بجٹ کے ذریعے غریب آدمی کی تذلیل کی گئی‘ کم سے کم تنخواہ 15 ہزار کا وعدہ کرنے والوں نے تنخواہ میں پانچ پیسے کا اضافہ نہیں کیا۔ سٹاک ایکسچینج میں صرف کالے دھن کو سفید کیا جارہا ہے وہاں ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا۔ وہ جمعرات کو نئے مالی سال کے بجٹ بارے میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ غریب کے استعمال کی ہر شے کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے اب کیا اس ملک میں غریب کو زندہ رہنے کا حق بھی نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب ‘ مزدور اور ملازمین کی بجٹ کے ذریعے تذلیل کی گئی ہے اور لگتا یہی ہے کہ ہیوی مینڈیٹ ایک بار پھر اپنے ہی بوجھ تلے دب جائے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ باہر سے ملک میں سرمایہ کاری کے جو دعوے کئے جارہے تھے وہ سرمایہ کاری اب کہاں ہے یہ صرف غریب کو گنے کے بیلنے میں دیں گے لوگوں نے تو انہیں نجات دہندہ سمجھ کر ووٹ دیئے تھے اب لوگوں کو لینے کے دینے پڑینگے۔ انہوں نے سرکلر ڈیٹ کے حوالے سے کہا کہ 483 ارب روپے جو مختلف لوگوں اور صوبائی حکومتوں سے وصول کئے جانے ہیں ان کو وصول کیا جائے۔ ہم اسمبلی میں اس پر بھرپور طریقے سے آواز اٹھائینگے۔