بلو چستا ن میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں:حاصل بزنجو
اسلام آباد(آن لائن) صوبہ بلوچستان کی حکمران جماعت نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ ناراض بلوچ قوم پرست رہنماو¿ں سے مذاکرات کے آغاز سے پہلے وفاقی حکومت کو صوبے میں لاپتہ افراد اور گلی کوچوں میں گولیوں سے چھلنی لاشوں کے ملنے کے سلسلے کو روکنا ہوگا۔ وائس آف امریکہ سے خصوصی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ان اعتماد سازی کے اقدامات کے بغیر ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ کسی قسم کا مفاہتی عمل شروع نہیں کر پائیں گے۔انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر ایسا نا ہوا تو ان کی جماعت صوبائی حکومت سے علیحدہ ہو جائے گی۔ حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات کے بگاڑ میں یہ اہم عوامل ہیں اور ان کے حل پر وفاقی حکومت اور پاکستان آرمی کی آمادگی ناگزیر ہے۔ انہو ں نے کہا کہ ”جنرل کیانی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ (مسائل کے) سیاسی حل کے حق میں ہیں اور نواز شریف نے ہماری ملاقات میں کہا کہ وہ ان کے لیے کوششیں کرتے رہے ہیں۔ اگر یہ بات مان جاتے ہیں اور حل کرتے ہیں تو چیزیں ٹھیک ہو سکتی ہیں لیکن اگر کہتے ہیں کہ نہیں کرتے تو ہمارا حکومت میں رہنا زیادہ دیر ممکن نا ہوگا۔“