مناسب دیکھ بھال سے اروی کی بہترین فصل حاصل کی جا سکتی ہے: ترجمان ایوب ریسرچ
فیصل آباد (اے پی پی) اروی موسم گرما کی ایک اہم اور نقد آور سبزی ہے جس کی زمین دوز موٹی جڑیں اروی یا کچالو کہلاتی ہیں جنہیں گوشت یا بینگن کے ساتھ ملاکر پکایا جاتاہے نیز اروی کے نرم پتوں کو پکوڑوں اور بڑے پتوں کو چارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے زرعی سائنسدانوں نے جدید تحقیق کی روشنی میں اروی کے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی مناسب دیکھ بھال اور فصل کو آبپاشی 6 تا 7 دن کے وقفہ سے کریں۔ اسی طرح فصل سے جڑی بوٹیوں اور خودروپودوں کی تلفی کیلئے 3 بار گوڈی بھی کی جائے ۔ ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ پودوں کی بغل میں شگوفے جلد پھوٹ پڑتے ہیں اس لئے گوڈی کے دوران ان کو توڑتے جائیں ورنہ کچالوزیادہ بن جاتے ہیں اور اروی کم بنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پودے30سے50 سنٹی میٹر اونچے ہو جائیں تو کھیت کی زرخیزی کو مد نظر رکھتے ہوئی فصل کو2 سے3 قسطوں میں 2 بوری یوریا اور 4 بوری امونیم نائٹریٹ فی ایکڑ ڈالیں تو اروی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوسکتا ہے۔