• news

ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کے لئے نام مانگ لئے گئے نوازشریف، خورشید شاہ، ظفرالحق، اعتزاز کو خط

 اسلام آباد(آن لائن+آئی این پی) پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری کے سیکرٹری نے کمیٹی کے ارکان کے لیے وزیراعظم نواز شریف ، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ، قائد ایوان سینٹ راجہ ظفر الحق اور قائد حزب اختلاف سینٹ اعتزاز احسن کو خط لکھ کر نام مانگ لئے ہیں سیکرٹری سینٹ افتخار اللہ بابر نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ خصوصی گفتگو میں سیکرٹری سینٹ افتخار اللہ بابر نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 175(A) کی شق 11 کے تحت ججز تقرری کمیٹی کا سیکرٹری سیکرٹری سینٹ ہوتا ہے اس لئے سیکرٹری کمیٹی کے طور پر وزیراعظم، خورشید شاہ، راجہ ظفر الحق اور اعتزاز احسن کو خط لکھ کر دو دو نام مانگ لئے ہیں، کمیٹی آٹھ رکنی ہے جس میں چار ممبر قومی اسمبلی، چار ممبر سینٹ دو، دو ممبر حکومت و اپوزیشن سے ہوتے ہیں۔آئی این پی کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کی سفارشات دینے والی ججز تقرری پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل نو کیلئے قومی اسمبلی میں قائد ایوان وزیراعظم نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے دو‘ دو نام مانگے ہیں‘ اس سلسلے میں قائد حزب اختلاف نے تحریک انصاف سے رابطہ کر لیا ہے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے انہیں خط ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مخدوم شاہ محمود قریشی سے رابطہ کرکے تحریک انصاف سے ایک نام دینے کیلئے کہا ہے جس پر شاہ محمود قریشی نے انہیں بتایا کہ وہ پارٹی قائد عمران خان سے مشورہ کے بعد آج تحریک انصاف کی طرف سے کمیٹی کیلئے نام دیں گے۔ خورشید شاہ نے کہا تحریک انصاف اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت سے ایک رکن لیا جانا ان کا حق ہے۔ ایم کیو ایم اور اے این پی کو سینٹ میں ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن