لوڈشیڈنگ ختم ہونے تک شہباز شریف مینار پاکستان پر ٹینٹ آفس بحال رکھیں: خورشید شاہ
اسلام آباد (ثنا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوڈ شیڈنگ ختم ہونے تک مینار پاکستان پر اپنا ٹینٹ آفس بحال کریں، لوڈشیڈنگ سے نجات ملنے پر وہ شامیانہ آفس سے جاتی عمرہ کے محل میں منتقل ہو جائیں، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی کو جگا ٹیکس اور بھتہ قرار دینے والے آ ج خود قوم سے جبری طور پر یہ ٹیکس وصول کر رہے ہیں حکومت کو جی ایس ٹی کی مد میں اضافہ کے نتیجہ میں صرف پٹرولیم لیوی سے 300ارب روپے کی اضافی آمدنی ہو گی اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں منقسم اپوزیشن سے حکومت کو فائدہ ملتا ہے عوامی مفاد کے خلاف حکومتی اقدامات کو نشانہ ضرور بنائیں گے مگر ان کے دور کو قطعاً "رنجیت سنگھ" کے دور سے تشبیہ نہیں دیں گے کم از کم ہم ایسی روش اختیار نہیں کریں گے ججز کمیٹی میں اپوزیشن کی تمام بڑی جماعتوں کو نمائندگی دیں گے اس بارے میں تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی سے ایک نام مانگ لیا ہے ایم کیو ایم کو بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ اپنے چیمبر میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روزانہ 80کروڑ لٹر تیل کی سپلائی ہوتی ہے جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافے سے حکومتی آمدنی بڑھنے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ قوم کو صدر آصف علی زرداری کا شکر گزار ہونا چاہئے کہ انہوں نے گزشتہ ماہ جی ایس ٹی میں ایک فیصد اضافے کی سمری واپس بھیج دی تھی جو لوگ اسے جگا ٹیکس اور بھتہ وصولی قرار دیتے نہیں تھکتے تھے ان سے پوچھنا چاہتا ہوں اب انہوں نے اس کی قوم سے جبری وصولی کیوں شروع کر دی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے ماضی میں قرار دئےے جانے والے اس جگا ٹیکس میں اضافے کے خلاف اپوزیشن پارلیمنٹ میں شدید احتجاج کرے گی اپوزیشن جماعتیں اس معاملے میں متحد ہیں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے خود اعتراف کیا ہے کہ 11مئی کے انتخابات کے نتائج آنے کے بعد وہ ایف بی آر اور وزارت خزانہ سے رابطے میں تھے قرائن بتا رہے ہیں کہ اسحاق ڈار نے پہلے ہی اس بارے میں ہوم ورک مکمل کر لیا تھا تاہم یہ بات ریکارڈ پر رہنا چاہیئے کہ کم از کم اس معاملے پر صدارتی آرڈیننس جاری نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کیا گیا تو حکومت یاد رکھے کہ اس سے پیپلز پارٹی کیلئے ہمدردی میں اضافہ ہو گا صبر و تحمل برداشت کی وجہ سے 128ارکان کے ساتھ حکومت کی 90فیصد قانون سازی متفقہ طور پر منظور کی۔ جی ایس ٹی میں اضافے کے خلاف چیخ و پکار اور عوامی فریاد سے حکومت کو آگاہ کریں گے حکومت نے اپوزیشن کی تجاویز کو تسلیم کر لیا تو بجٹ اور فنانس بل متفقہ طور پر منظور ہو سکتا ہے۔ خفیہ فنڈ کے استعمال پر پابندی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اس حوالے سے وزارتوں کے پاس تو صرف معمولی رقوم تھیں پیپلز پارٹی ہار کر بھی جیتی ہے لوگ جلد کہیں گے، تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد ۔سید خورشید شاہ نے کہا کہ ججز کمیٹی میں چار ارکان کا تعلق اپوزیشن سے ہو گا ہم دو ارکان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم سے لیں گے، میں نے شاہ محمود قریشی کو فون کر کے مشاورت کی اور ان سے کہا کہ ججز کمیٹی کیلئے تحریک انصاف سے نامزدگی سے آگاہ کیا جائے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کی یکجحتی کے ذریعے قومی مفاد کے تحفظ کی جدو جہد کریں گے۔